غزہ میں فلسطینی بچوں کی شہادتوں پر وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کو ریاست فلسطین کا خراجِ تحسین

images 1


اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غزہ میں معصوم فلسطینی بچوں کی شہادت پر کیے گئے دل سوز اظہارِ خیال کو ریاست فلسطین نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ "اسٹیٹ آف فلسطین” پر نمایاں طور پر شیئر کیا ہے۔
ریاست فلسطین کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا۔ ان کے خطاب کا اہم حصہ ہند رجب اور وفا عقیلہ سمیت فلسطینی بچوں کی المناک شہادتوں کا ذکر رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام، بالخصوص خواتین، بچے اور بزرگ، نسل در نسل قبضے، بے دخلی، مصائب اور موت کا سامنا کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال انہوں نے ہند رجب نامی معصوم فلسطینی بچی کی دل دہلا دینے والی داستان بیان کی تھی جسے اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار دی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس سال آٹھ سالہ وفا عقیلہ کا سانحہ پوری دنیا کے دل پر بوجھ بن گیا ہے، جو اسکول جانے کے پہلے دن ہی اس بےمقصد جارحیت میں جان کی بازی ہار گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والے بچے کو بھی دنیا کے دیگر بچوں کی طرح زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق حاصل نہیں؟
وزیراعظم نے کہا کہ ہند رجب، وفا عقیلہ اور ان گنت دیگر افراد کے المیے تاریخ میں عالمی برادری کی اجتماعی خاموشی، ناکامی اور بے عملی کے خلاف فردِ جرم کے طور پر گونجتے رہیں گے۔

متعلقہ پوسٹ