لاہور میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے والی آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی متاثرہ لڑکی ڈیانا کی کیفے میں سگریٹ نوشی کی ویڈیو کے بعد پنجاب اسمبلی آمد کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں آذربائیجانی خاتون ڈیانا کو پنجاب اسمبلی کے ہال کے اندر موجود دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک دفتر میں بھی وہ ویڈیو بناتی نظر آ رہی ہے۔ ویڈیو میں پنجاب اسمبلی کی عمارت کے مختلف حصوں کے مناظر بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے ڈیانا کی پنجاب اسمبلی آمد اور وہاں موجودگی سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
تفتیشی حکام اس امر کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ ڈیانا کس مقصد کے لیے پنجاب اسمبلی پہنچی اور کس کی اجازت یا رابطے کے ذریعے اسمبلی میں داخل ہوئی۔
مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات کے دوران پولیس کی جانب سے ڈیانا کی پاکستان میں سرگرمیوں، مختلف افراد سے روابط اور نقل و حرکت کا ریکارڈ بھی زیرِ تفتیش لایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے کیس میں اب تک دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان اس وقت انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

