وزیراعظم شہباز شریف نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں ملکی معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جولائی اور اگست میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 80.2 فیصد اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو موزوں ماحول فراہم کررہی ہے تاکہ ملک میں معاشی سرگرمیاں بہتر ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملکی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ جولائی اور اگست میں ترسیلات زر 6.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7.3 ارب ڈالر ہوگئیں۔ اگست میں ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 16.5 فیصد اضافہ خوش آئند ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی محنت کی کمائی وطن واپس بھیجتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ حکومت برآمدی شعبے کی ترقی اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی استحکام کی جانب مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جولائی اور اگست میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 80.2 فیصد اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو موزوں ماحول فراہم کررہی ہے تاکہ ملک میں معاشی سرگرمیاں بہتر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کا 26.8 ارب ڈالر تک پہنچنا معیشت کے بیرونی شعبے میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت اصلاحات اور مؤثر معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔ انہوں نے بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کو معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.03 فیصد اضافہ حوصلہ افزا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی قرضوں میں اضافہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی مالی معاونت کے لیے اہم پیش رفت ہے، جبکہ کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا مظہر ہے۔ جولائی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن 38.8 فیصد اضافے سے 10 ہزار 199 ہوگئی، جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں اضافہ بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معاشی نمو کو مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور روزگار و کاروبار کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور پائیدار معیشت بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔


