فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے دنیا بھر میں مظاہرے، کیپ ٹاؤن سے لندن تک ہزاروں سڑکوں پر


کیپ ٹاؤن (ایجنسی): غزہ میں جاری جنگ کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں شرکاء نے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں مارچ کیا، جس میں سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلووے نے بھی شرکت کی۔ جنیوا اور سیول میں بھی مظاہرین نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ وسطی لندن کے احتجاج میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی گئی۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی مظاہرہ ہوا، جہاں بعض مظاہرین اور پولیس کے درمیان کشیدگی کی اطلاعات ہیں۔
دریں اثنا، ‘حمایہ’ سینٹر فار ہیومن رائٹس نے ہفتہ کو ‘نسل کشی’ کے عنوان سے جاری حقائق نامے میں کہا کہ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری جنگ میں سب سے زیادہ نقصان بچوں کو اٹھانا پڑا۔ سینٹر کے مطابق اس کے عملے نے ۱۸؍ سال سے کم عمر کے ۲۱؍ ہزار ۷۴۵؍ بچوں کی ہلاکت دستاویز کی، جبکہ تقریباً ۴۶؍ ہزار بچے زخمی ہوئے، جن میں ۱۱؍ ہزار سے زائد کے اعضاء کٹ گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں بچے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہو گئے۔

متعلقہ پوسٹ