پیٹرول سبسڈی اسکیم؛ وزیراعظم کا وفاقی وزیر شزا فاطمہ کیلئے تمغے کا اعلان

shaza fatima1791577447 0



وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بہتر انتظامات کرنے پر اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کو تمغہ اور دیگر ارکان کو شیلڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اجلاس کا مقصد پوری ٹیم کی محنت پر قوم کے سامنے خراج تحسین پیش کروں کہ کس طرح وفاق نے صوبوں کی مدد کے ساتھ پوری طرح یک جان ہو کر فیول سبسڈی کے اہم اقدام پر کام کیا، جس پر رسک تھا۔

اجلاس کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے اس کے لیے جو کاوشیں کی ہیں، آج وہ رنگ لائی ہیں، وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر شکریہ ادا کیا، ان کی ٹیم نے پورا تعاون کیا، جس کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فروری میں جب یہ جنگ شروع ہوئی تھی تو اسی طرح کی اسکیم شروع کی تھی، جس کے لیے صوبوں نے انتظامی اور مالی طور پر بھرپور ساتھ دیا تھا اور اس وقت 13 لاکھ ٹوکن جاری ہوئے تھے اور اس دفعہ بھی خدشہ تھا کہ کہیں ایک مرتبہ پھر تعطل کا شکار نہ ہوجائے لیکن اللہ نے برکت ڈالی۔

شہباز شریف نے کہا کہ  وفاق اور صوبوں کی کاوشیں مل کر جو لوگ اس سہولت سے مستفید ہوئے ہیں اس کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، ایک کروڑ کا مطلب ہے کہ چاہے موٹر سائیکل ہیں یا چنگ چی یا 800 سی سی گاڑی ہے، ایک کروڑ افراد نے پیٹرول پمپ پر دو ہزار مہینہ فائدہ حاصل کیا اور کر رہے ہیں جبکہ ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ دیکھا جائے تو 5 کروڑ افراد نے فائدہ حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ، وفاقی وزیر شزا فاطمہ، ان کے سیکریٹری اور ٹیم، احسن اقبال، احد چیمہ اور عطا اللہ تارڑ، بلال کیانی، مشرف رسول اور آئی ٹی کے دیگر تمام ساتھیوں کا سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

صوبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ دیا ہے اور شکریہ ادا کیا ہے، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا، صوبے اور وفاق نے مل کر کام کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں شزا فاطمہ کے لیے 23 مارچ میں تمغے کا اعلان کر رہا ہوں اور دیگر کو شیلڈز دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ایک کروڑ ایک لاکھ 98 ہزار ریڈیم واوچرز ہیں، اب تک ایک کروڑ 8 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہریوں نے رجسٹریشن کروائی ہے، مجموعی طور پر دو کروڑ 17 لاکھ ٹوکن جاری کیے گئے، جس میں ایک کروڑ 94 لاکھ ٹوکن پر شہریوں نے رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کیا اور یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان اعداد وشمار میں شامل 92 لاکھ 70 ہزار لوگوں نے دوبار ٹوکن حاصل کیے، تقریباً 96 فیصد موٹرسائیکل سواروں نے اسکیم سے فائدہ حاصل کیا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ