پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ہیزل ووڈ کی کیریئر بیسٹ بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کو 214 رنز سے شکست دے دی۔
ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں 421 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر ایڈن مارکرام نے بھرپور مزاحمت کی تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
مارکرام نے 237 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 358 منٹ تک کریز پر موجود رہے۔
جنوبی افریقی ٹیم 206 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ایڈن مارکرام (75)، ڈیوڈ بیڈنگھم (46)، مارکو جینسن (35) اور ویان ملڈر (29) کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 49 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مجموعی طور پر میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 314 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی جس میں میٹ رینشا 82 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میٹ رینشا کی 190 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 390 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ویان ملڈر نے 4، مارکو جینسن نے 3، اینرک نورکیا نے 2 اور سائمن ہارمر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 284 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں ڈیوڈ بیڈنگھم 49 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

