قطر نے لبنان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد کے لیے بڑے پیمانے پر شمسی توانائی کا منصوبہ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے جمعے کو بیروت میں لبنانی ہم منصب نواف سلام سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے جامع فریم ورک بنانے اور قابلِ عمل حل پیش کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
قطر انرجی نے فرانسیسی کمپنی ٹوٹل انرجیز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت لبنان میں ابتدائی منصوبے کے طور پر مشترکہ طور پر سولر پاور پلانٹ تیار کیا جائے گا۔
قطری وزیر اعظم کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایسی بڑی سرمایہ کاری کرنا ہے جس سے لبنانی معیشت اور اس میں شریک قطری کمپنیوں و اداروں کو فائدہ پہنچے۔
دوسری جانب لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے کہا کہ بجلی کے شعبے سے متعلق منصوبے جلد کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

