وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ اگلے سال جون سے بجلی چوری کرنے والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمر پر لوڈ شیڈنگ ہوا کرے گی۔
ڈیرہ غازی خان میں فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ رات کو دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کو 6روپے یونٹ کا بوجھ سے بچایا۔
اویس لغاری نے کہا کہ ملک بھر میں انتظامی یونٹ کے قیام کے لیے پارٹی سطح پر مشاورت ہو رہی ہے، مسلم لیگ ن نہ صرف جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کے لیے اسمبلی میں قرار داد منظور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاروق لغاری ایئر پورٹ غیر فعال تھا، وزیر اعظم سے ایئر پورٹ کی توسیع کا منصوبہ منظور کروایا ہے، ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے ایئر پورٹ توسیع منصوبہ جاری ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ اگلے سال کے آخر تک انٹر نیشنل ایئرپورٹ آپریشنل ہوگا، رن ویز لمبے کیے جا رہے ہیں اور رات کے وقت بھی لینڈنگ ہوگی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن سمیت قریبی دیگر صوبوں کے اضلاع سے بھی مسافر مستفید ہوں گے۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے توسیعی منصوبہ کا جائزہ لیا جہاں سردار اویس لغاری کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی حکام نے توسیع منصوبہ پر بریفننگ دی۔
بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر رن وے کی توسیع اور رات کی لینڈنگ سے متعلق کام ہوگا، منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا، رن وے چھ ہزار فٹ سے بڑھا کر 10 ہزار فٹ کیا جا رہا ہے، رن ویز کی چوڑائی 30 سے بڑھا کر 45 میٹر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ فاروق لغاری ایئر پورٹ گزشتہ پانچ سال سے غیر فعال ہے۔
Source link

