
(24 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لئے یوکرین کے صدر زیلنسکی کو اپنی جگہ کسی دوسرے شخص کو مذاکرات کی ذمہ داری سونپ دینی چاہئے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شاید اب وقت آ گیا ہے کہ زیلنسکی مذاکرات کے لیے کسی اور کو آگے لائیں، ٹرمپ اس سے قبل بھی یوکرین میں قیادت کی تبدیلی سے متعلق بیان دے چکے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے معاملے پر فی الحال زیادہ سرگرمی دکھائی نہیں دے رہی، جبکہ انہوں نے تصدیق کی کہ امریکا یوکرین کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ جنگ کے خاتمے تک امریکا میں مقیم یوکرینی شہریوں کو عارضی قانونی تحفظ دینے کے امکان پر غور کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔
ٹرمپ کا کسانوں کے لیے 8 ارب ڈالر امداد کا اعلان
دوسری جانب مہنگے ڈیزل کی تلافی کے لیے امریکی صدر ٹرمپ نے کسانوں کے لیے 8 ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کنساس میں وسط مدتی انتخابی مہم میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ زراعت ایک نئے’’ہارویسٹ فیول ریلیف پروگرام‘‘ کا آغاز کرے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فصلوں کی کٹائی کے لیے ڈیزل کے اخراجات کے لیے کسانوں کو 8 ارب ڈالر امداد دی جائے گی۔

