غزہ:اسرئیلی فضائیہ کا رہائشی اپارٹمنٹ پر حملہ میاں بیوی شہید

news 1792502347 5055



news 1792502347 5055

(24 نیوز)غزہ شہر میں رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینی شخص اور اس کی اہلیہ شہید ہو گئے۔

دوسری جانب یورپی یونین نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کو ’’ناقابلِ قبول‘‘ قرار دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق فلسطینی طبی اور مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ منگل کو غزہ شہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شخص اور اس کی اہلیہ شہید ہو گئے۔

 مقامی عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی طیارے نے الشفا ہسپتال کے مغرب میں واقع ایک اپارٹمنٹ پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ لگ گئی اور بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، طبی ذرائع نے بتایا کہ حملے میں میاں بیوی شہید ہوئے اور ان کی نعشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

مقامی ذرائع نے شہید ہونے والے افراد کی شناخت اکرم یاسین اور ان کی اہلیہ دینا ابوبکر کے نام سے کی ہے، غزہ میں قائم محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے غزہ میں 1,522 فلسطینی شہید جبکہ 5,421 زخمی ہو چکے ہیں، 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 74,480 ہو گئی ہے جبکہ 175,539 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

دریں اثنا مقبوضہ بیت المقدس میں یورپی یونین کے دفتر کے میڈیا آفیسر شادی عثمان نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کو ’’ناقابلِ قبول‘‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کے پورے علاقے کی صورتحال پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے سرکاری وائس آف فلسطین ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان حملوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

 انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے حالیہ مہینوں میں بعض اقدامات کیے ہیں جبکہ مزید کارروائی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دانش سکولوں میں غریبوں کے بچوں کو بھی تعلیم ملنا خوشی کی بات ہے،نوازشریف





Source link

متعلقہ پوسٹ