کراچی؛ 20 بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق کے بعد ملیر 15 میں واقع ابن حسن اسپتال سیل

021792511375 0



سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کورنگی میں 20 روزہ نومولود میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق کے بعد ملیر 15 کے علاقے میں واقع ابن حسن اسپتال سیل کردیا، اس دوران اسپتال کے عملے اور مبینہ اتائیوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس پر پولیس کی مدد حاصل کی گئی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کورنگی کی شکایت پر معاملے کی تحقیقات کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ نومولود کا ختنہ کرنے والے مرکز کے زیر استعمال آلات میں منکی پاکس وائرس موجود تھا اور ڈاؤ لیبارٹری میں بچے کے نمونوں کی جانچ کے دوران وائرس کی تصدیق ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ کمیشن نے ڈی ایچ او کورنگی اور ایس ایس پی کورنگی کے تعاون سے سعودآباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں قائم ابن حسن اسپتال کے خلاف کارروائی کی۔

حکام نے بتایا کہ اسپتال غیرقانونی طور پر چلایا جا رہا تھا، جہاں غیرمستند عملہ بچوں کے ختنے کر رہا تھا اور کارروائی کے دوران اسپتال کے عملے نے مزاحمت کی اور اپنے ساتھیوں کو بھی طلب کرلیا، جس کے بعد پولیس کی مدد سے اسپتال کا معائنہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی کے بعد مبینہ اتائی اور دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے بتایا کہ اسپتال میں صفائی کی صورت حال ناقص تھی جبکہ انفیکشن سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے انتظامات بھی ناکافی تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طبی سرگرمیوں اور حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث مریضوں کی صحت اور حفاظت کو سنگین خطرات لاحق تھے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ