وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اجلاس کو ملک کو درپیش خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کردیا، جس کے تحت 70 فیصد فنڈز ضم شدہ اضلاع جبکہ 30 فیصد صوبے کے دیگر اضلاع پر خرچ کیے جائیں گے۔
صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کی ترقیاتی ضروریات، امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ خیبرپختونخوا کی ضروریات اپنے وسائل سے پوری کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے باجوڑ، لکی مروت اور چترال میں دانش اسکول قائم کرنے کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
ان کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی پولیس کی عملی صلاحیت بڑھانے اور پولیس و محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلور خاندان اور وفاقی وزیر امیر مقام کے خاندان کی قربانیوں کا ذکر کیا، جبکہ شرکا نے دونوں خاندانوں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ان کی پہلی شرکت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اجلاس کو ملک کو درپیش خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

