کویت میں تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے نیا الیکٹرانک نظام متعارف

news 1793018103 5844



news 1793018103 5844

(24 نیوز)کویت میں ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔

 حکام کے مطابق 8 ہزار 849 آجرین کی فائلوں میں تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق مسائل سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ادائیگیوں کی نگرانی کے لیے نیا الیکٹرانک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

نئے نظام کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی کے پورے عمل کی نگرانی کی جائے گی۔ اس میں یہ جانچا جائے گا کہ کمپنی نے تنخواہوں کی ادائیگی کی درخواست کب جمع کرائی، بینک نے ملازمین کے کوائف کی تصدیق کیسے کی اور رقم ملازمین کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوئی یا نہیں۔

حکام کے مطابق اس نظام میں آٹھ مراحل شامل ہیں، ابتدا میں کمپنی تنخواہوں کی ادائیگی کی درخواست دے گی، جس کے بعد مرکزی بینک اور متعلقہ بینک ملازمین کی تفصیلات کی جانچ کریں گے۔

 معلومات درست ہونے پر ادائیگی کی جائے گی اور اس کی رپورٹ الیکٹرانک طریقے سے متعلقہ اتھارٹی کو ارسال کر دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے تنخواہوں کی ادائیگی کا ریکارڈ جانچنے میں آسانی ہوگی، کاغذی کارروائی کم ہوگی اور ان ملازمین کی نشاندہی بھی ممکن ہو سکے گی جنہیں مقررہ وقت پر تنخواہ نہیں ملی۔

دوسری جانب پی اے ایم نے واضح کیا ہے کہ کمپنیاں ملازمین کی تنخواہوں سے من مانے طریقے سے کٹوتیاں نہیں کر سکتیں۔ اس مقصد کے لیے 13 جائز وجوہات مقرر کی گئی ہیں، جن میں بلا معاوضہ چھٹی، بیماری کی چھٹی، بچوں کی دیکھ بھال کے لیے چھٹی، کام سے معطلی، بغیر اجازت کام کی جگہ چھوڑنا، کام سے انکار اور غیر حاضری شامل ہیں۔

قواعد کے مطابق تنخواہ سے کٹوتی کرنے والی کمپنی کو اس کی وجہ کا ثبوت اور متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ کسی بھی ملازم کی ایک ماہ کی تنخواہ سے زیادہ سے زیادہ 25 فیصد رقم کاٹی جا سکتی ہے، جبکہ اس حد سے تجاوز کی اجازت نہیں ہوگی۔

کویتی حکام کے اس اقدام کا مقصد ملازمین کے حقوق کا تحفظ، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانا اور کمپنیوں کو متعلقہ قوانین کا پابند بنانا ہے۔ الیکٹرانک نگرانی کے ذریعے ادائیگیوں میں تاخیر اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرکے متعلقہ معاملات پر کارروائی میں بھی مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں :اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا





Source link

متعلقہ پوسٹ