
(ویب ڈیسک)امریکہ میں ایک مسافر کے فون پر طیارہ ہائی جیک کرنے سے متعلق پیغامات دیکھنے کے بعد یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ایک پرواز کو واپس موڑ دیا گیا، لاس ویگاس سے نیو جرسی جانے والی پرواز کے عملے نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پائلٹ کو اطلاع دی، جس کے بعد طیارے کو واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا، جب یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز نمبر 1681 نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی، پرواز میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔
مزید پڑھیں:سری لنکا میں خراب موسم کے باعث تمام سکول بند رکھنے کا اعلان
امریکی رپورٹ کے مطابق پرواز کے دوران فضائی میزبان نے ایک مسافر کے فون پر ایسے پیغامات دیکھے جن میں طیارے کو ہائی جیک کرنے کی بات کی گئی تھی، فضائی میزبان نے مسافر سے براہِ راست بات کرنے کے بجائے پائلٹ کو آگاہ کیا، جس کے بعد سیکیورٹی کے تحت طیارے کو واپس لانے کے اقدامات کیے گئے۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز 1681 کے فضائی میزبان نے ایک مسافر کو فون پر طیارہ ہائی جیک کرنے سے متعلق پیغامات بھیجتے دیکھا تھا،پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بتایا کہ فضائی میزبان نے مسافر کو پیغامات میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی بات کرتے دیکھا تھا، اطلاع ملنے کے بعد طیارے میں سیکیورٹی اقدامات کیے گئے اور اسے واپس لاس ویگاس لایا گیا۔
جب ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ سے پوچھا کہ آیا متعلقہ مسافر تعاون کر رہا ہے یا اسے قابو میں رکھا گیا ہے تو پائلٹ نے بتایا کہ مسافر کو صورتِ حال کا علم نہیں تھا، اسی لیے اس پر قابو پانے کی ضرورت پیش نہیں آئی تھی۔

