مئی 2023  کے بعد پہلی بار ہندوستان  نے ایس سی او کے ڈائیلاگ فورم کے لیے پاکستانی وزیر کو مدعو کیا

Flags of India and Pakistan 960x600 1


ہندوستان اور پاکستان کے پرچم۔ تصویر: اوسلو، ناروے کے ٹورے آرنیس ، وکی میڈیا کامنس

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم 20 سے 22 نومبر تک قومی دارالحکومت دہلی میں منعقد ہونے والا ہے۔ ہندوستان نے پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت کے وزیر اورنگ زیب خان کھچی کو مدعو کیا ہے۔ اگر وہ آتے ہیں، تو مئی 2023 میں گوا میں منعقدہ ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد یہ کسی پاکستانی وزیر کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت کے وزیر اورنگ زیب خان کھچی کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے پہلےسولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، یہ پروگرام 20 سے 22 نومبر تک قومی دارالحکومت دہلی میں منعقد کیا جانا ہے۔ تاہم، پاکستان نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اس کے وفد کی قیادت کون کرے گا۔

اگر کھچی اس فورم میں شرکت کے لیے ہندوستان آتے ہیں تو مئی 2023میں گوا میں منعقدہ ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد یہ کسی پاکستانی وزیر کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس وقت پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہندوستان آئے تھے۔ اس کے علاوہ، مئی 2025میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چار دنوں تک جاری رہنے والی فوجی کشیدگی کے بعد بھی یہ کسی پاکستانی وزیر کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، وزارت ثقافت اور وزارت خارجہ کے زیر اہتمام سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم دہلی کے پرانا قلعہ میں منعقد کیا جائے گا اور اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ اس فورم کی تجویز وزیر اعظم نریندر مودی نے پیش کی تھی۔

دی ہندو  کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان، چین، روس، ایران، بیلاروس اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت ایس سی او کے تمام 10 رکن ممالک کے وزرائے ثقافت کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، تنظیم کے ڈائیلاگ پارٹنر اور مبصر ممالک کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جن کی کل تعداد 15 ہے۔

وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نومبر 2024میں ایس سی او کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے اسلام آباد گئے تھے۔ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی ایس سی او کی سربراہانِ مملکت کی چوٹی کانفرنس میں ہندوستان کس سطح پر نمائندگی کرے گا، اس کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔

ہندوستان ایس سی او کی سرگرمیوں میں اپنی شرکت جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ 2016 سے اس نے اسلام آباد میں ہونے والے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک)کے اجلاسوں میں حصہ لینا بند کر دیا ہے۔

ستمبر 2026میں ہندوستان نے ایس سی او کے قومی رابطہ کار آلوک ڈمری کو اسلام آباد بھیجا تھا۔ یہ دورہ پاکستان کی ایس سی او کی صدارت سے متعلق رابطہ کاری کے اجلاس اور اگست 2027میں پاکستان میں مجوزہ سربراہان کی چوٹی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ