
(ویب ڈیسک) ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ قطر نے امریکہ کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوئی نئی تجویز پیش نہیں کی، بلکہ قطر نے ایسے آئیڈیاز پیش کیے ہیں جو ایران کو ناقابل قبول ہیں،اس کے علاوہ جوہری معاملے پر لچک دکھانے سے متعلق ایرانی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ محمود مالکی نے قطری وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران میں ایران، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان چار ملکی اجلاس ایران کی نیک نیتی اور خطے کے عوام کے مشترکہ مفادات کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظہر ہے۔
اس سے قبل خبر ایجنسی نے قطری عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکہ ایران تنازع کے حل کے لیے قطری ثالثوں نے ایران کو نیا مسودہ پیش کیا ہے، اور ایران پیش کردہ نئی تجویز پر غور کر رہا ہے جس کا جواب رواں ہفتے کے آخر تک متوقع ہے۔

