خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پولیس نے اسکردو میں میاں، بیوی اور ان کے دو بچوں کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد قانونی کارروائی مکمل ہونے پر اسکردو پولیس کے حوالے کر دیا۔
حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں نامعلوم ملزمان نے میاں، بیوی اور ان کے دو کم سن بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا اور واردات کے بعد فرار ہو گئے تھے، ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول شوہر کا تعلق اسکردو جبکہ ان کی اہلیہ کا تعلق پاراچنار سے تھا۔
واقعے کے حوالے سے اسکردو پولیس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کو آگاہ کیا، جس پر آئی جی پی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او کوہاٹ شاکر حسین داوڑ اور ڈی پی او کرم ڈاکٹر سعد آفریدی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ڈی پی او کرم ڈاکٹر سعد آفریدی کی ہدایت پر ایس پی لوئر کرم نصیر علی خان اور فلک نواز بنگش کی قیادت میں ڈی ایس پی سرکل عنایت خان، ایس ایچ او تھانہ سمیر افتخار احمد، اے ایس ایچ او ارشاد حسین اور پولیس کی بھاری نفری، ایلیٹ فورس اور لیڈی پولیس پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوئر کرم کے علاقے سمیر حسن علی کلے میں چھاپہ مار کر قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزمان سید رجب حسین اور سید حلیم حسین ولد بادشاہ حسین سکنہ حسن علی کلے سمیر کو گرفتار کر لیا۔
مزید بتایا گیا کہ کرم پولیس نے گرفتار ملزمان سے پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش کرتے ہوئے اہم معلومات حاصل کیں اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے چار افراد کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا۔
کرم پولیس نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتار مرکزی ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسکردو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
کرم پولیس نے واقعے کے غم زدہ لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
Source link

