وائٹ ہاؤس کے قریب اسلحہ بردار شخص گرفتار، صدر ٹرمپ کو قتل کی دھمکی کا الزام

IMG 20261108 WA0195


واشنگٹن: امریکی سیکرٹ سروس نے جمعرات 5 نومبر کی شب وائٹ ہاؤس کے قریب کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر کھڑی ایک گاڑی سے اسلحہ برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی (DHS) کے مطابق گرفتار شخص وینزویلا کا 22 سالہ شہری رونی گواناپا کرینوس ہے، جو 2024 میں غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوا تھا۔ گشت پر مامور سیکرٹ سروس اہلکاروں نے اسے مشکوک حالت میں گاڑی میں بیٹھے دیکھا اور پوچھ گچھ کی۔
DHS کا کہنا ہے کہ ملزم نے اہلکاروں کو بتایا کہ اسے "ذہن میں آوازیں” سنائی دیتی تھیں جو اسے واشنگٹن جا کر صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کا کہہ رہی تھیں۔
تلاشی کے دوران گاڑی سے ایک اے آر-15 رائفل، دو پستول (رپورٹس کے مطابق ایک MAC-10 اور ایک گلاک 43 ایکس) اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ فوجداری شکایت کے مطابق گاڑی چوری شدہ تھی۔
ملزم پر گاڑی کے غیر مجاز استعمال، چوری شدہ مال وصول کرنے اور بغیر لائسنس پستول و رائفل رکھنے سمیت اسلحہ کے متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ وہ اس وقت امریکی مارشلز سروس کی تحویل میں ہے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکرٹری مارکوین مولن نے سیکرٹ سروس اہلکاروں کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملزم کو کسی کو نقصان پہنچانے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا۔

متعلقہ پوسٹ