یروشلم: اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ صدر آئزک ہرزوگ اتوار کو اعلان کریں گے کہ اگلی حکومت بنانے کی ذمہ داری کس لیڈر کو سونپی جا رہی ہے۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائی ہے کہ نیتن یاہو کو حکومت سازی کی پہلی دعوت ملنے کا امکان بہت کم ہے۔
گادی آئزن کوٹ کو ۶ جماعتوں کے ۶۷ ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ وزیر اعظم نیتن یاہو کے حق میں صرف ۴۶ ارکان ہیں۔ اسرائیل میں حکومت بنانے کے لیے ۱۲۰ رکنی پارلیمنٹ میں ۶۱ ارکان کی حمایت ضروری ہے۔ آج تک کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی، اسی لیے وہاں ہمیشہ مخلوط حکومتیں بنتی رہی ہیں۔
صدر ہرزوگ پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی تمام جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقاتیں مکمل کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق ارکان کے خیالات ابتدائی طور پر واضح ہیں، تاہم کئی اہم امور پر جماعتوں کے درمیان اتفاق نہیں، اور انہیں ایک دوسرے پر کئی اعتراضات بھی ہیں۔
آئزن کوٹ کی حمایت کرنے والی ۶ جماعتوں میں چار یہودی اور دو عرب پارٹیاں ہیں۔ چار یہودی جماعتوں کے پاس مجموعی طور پر ۴۸ نشستیں ہیں، جبکہ دونوں عرب پارٹیوں کے پاس ۱۹ نشستیں ہیں اور وہ اس وقت کنگ میکر کی پوزیشن میں ہیں۔ تاہم حکومت سازی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ان جماعتوں کے نظریاتی اور سیاسی اختلافات ہیں۔ حمایت کرنے والی ۶ جماعتوں میں سے تین یہودی جماعتیں عرب پارٹیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کو تیار نہیں۔ خود آئزن کوٹ بھی انتخابی مہم کے دوران عرب پارٹیوں سے حمایت نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں، مگر عرب پارٹیوں نے انہیں حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس صورتحال میں سیاسی مساوات دلچسپ ہو گئی ہے اور سب کی نظریں اس پر ہیں کہ اسرائیل میں حکومت کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔ نیتن یاہو ایک اور مدت حاصل کرنے کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں۔

