پولیس افسر جاوید ابڑو کے قتل کی تحقیقات کا دائرہ اندرون سندھ تک وسیع، ڈکیت گروہ کے ملوث ہونے کا شبہ

javeabro11794253204 0


پولیس انسپکٹر جاوید ابڑو قتل کیس کی تحقیقات کا دائرہ اندرون سندھ تک پھیلا دیا گیا جبکہ تفتیشی کے دوران ڈکیت گروہ کے کارندوں کے ملوث ہونے کا اندیشہ بھی سامنے آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پولیس کے افسر جاوید ابڑو کے قتل کی تحقیقات کا دائرہ اندرون سندھ تک پھیلا دیا گیا ہے۔ پولیس نے قتل میں ایک ڈکیت گروہ کے ملوث ہونے کے شبے پر بھی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ڈکیت گروہ کے کارندوں محبوب اور منٹھار کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق محبوب اور منٹھار جاوید ابڑو کے بھائی کے قتل میں بھی ملوث تھے جبکہ ناریجو گینگ کا کارندہ فیاض عرف اکبر جاوید ابڑو کے مقتول بھائی کے ہاتھوں مارا گیا تھا، جس کے بعد پرانے قتل کے معاملے کو بھی موجودہ تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق مذکورہ ڈکیت گروہ کے بیشتر کارندے سندھ کے مختلف شہروں میں روپوش ہیں، پولیس ان کے ممکنہ ٹھکانوں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ مکمل کرلی ہے جبکہ حملہ آوروں کے فرار کے راستوں کی جیو میپنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ابڑو کے قتل میں ملوث ملزمان تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور اندرون سندھ روپوش ڈکیت گروہ کے کارندوں کے ممکنہ کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے اتوار کے روز سابق ایس ایچ او اور پولیس انسپکٹر جاوید ابڑو کو اسٹیل ٹاون میں فائرنگ کرکے شہید جبکہ انکے اہلیہ کو زخمی کردیا گیا تھا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ