ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے میں حکومت ناکام، 90 فیصد فنڈز باقی، رپورٹ بول نیوز کو موصول

ترقیاتی بجٹ.webp


ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے میں حکومت ناکام، 90 فیصد فنڈز باقی، رپورٹ بول نیوز کو موصول

مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ تاحال غیر استعمال شدہ ہے

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات کی رفتار انتہائی سست رہی، جولائی سے اکتوبر تک وفاقی پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے مختص ایک ہزار ارب روپے میں سے صرف 103 ارب 87 کروڑ روپے خرچ کیے جا سکے، جو مجموعی بجٹ کا محض 10.39 فیصد بنتا ہے۔ ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات بول نیوز نے حاصل کرلیں۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 682 ارب 48 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، جن میں سے چار ماہ کے دوران 74 ارب 65 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ کارپوریشنز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 312 ارب 51 کروڑ روپے میں سے صرف 29 ارب 22 کروڑ روپے استعمال کیے گئے۔

صوبوں اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 233 ارب 38 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جن میں سے 23 ارب 80 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

دستاویزات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں کے لیے 224 ارب 51 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، تاہم چار ماہ میں صرف 13 ارب 29 کروڑ روپے خرچ کیے جا سکے۔

واٹر ریسورسز ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 103 ارب 8 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جن میں سے 18 ارب 72 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ پاور ڈویژن کے 88 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے 15 ارب 92 کروڑ روپے استعمال کیے گئے۔

اسی طرح ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 46 ارب روپے میں سے 4 ارب 71 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ ریلوے ڈویژن کے 40 ارب 65 کروڑ روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے 4 ارب 65 کروڑ روپے استعمال کیے گئے۔

وزارت تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 36 ارب 31 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، جن میں سے جولائی سے اکتوبر کے دوران 6 ارب 87 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ تاحال غیر استعمال شدہ ہے، جس کے باعث ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار سست دکھائی دیتی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ