بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز رنکو سنگھ اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی 4 دسمبر کو لکھنؤ میں ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور دعوت نامے بھی چھپ چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب لکھنؤ کے رامادا ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔
دونوں کی منگنی گزشتہ سال جون میں ایک شاندار تقریب کے دوران ہوئی تھی جس میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادیو، ڈمپل یادیو اور جیا بچن سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
رنکو سنگھ خود بھی شادی کی تیاریوں میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بہن نیہا کے ساتھ مل کر دعوت نامے کا انتخاب کیا اور مہمانوں کو مدعو کرنے سمیت دیگر انتظامات میں حصہ لیا۔
رپورٹس کے مطابق علی گڑھ سے تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔
پریا سروج پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور بھارت کی کم عمر ترین ارکان پارلیمنٹ میں شمار ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ رنکو سنگھ کے والد کا رواں سال انتقال ہوگیا تھا جس کے باعث یہ شادی ان کے خاندان کے لیے خصوصی جذباتی اہمیت رکھتی ہے۔

