بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایک ٹاک شو میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ اس وقت سنگل ہیں اور ان کی زندگی میں کوئی مرد نہیں ہے۔
ثانیہ مرزا اپنی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان کے ہمراہ شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں شریک ہوئیں جہاں میزبان نیہا دھوپیا اور انگد بیدی نے ان سے پوچھا کہ کیا کسی نے انہیں کافی پر ملاقات کی دعوت دی ہے؟
ثانیہ نے بتایا کہ میرے مرد دوست اکثر مجھے چھٹیاں گزارنے کی دعوت دیتے ہیں لیکن میں انہیں ممکنہ شریکِ حیات کے بجائے اپنے دوستوں کی طرح ڈیل کرتی ہوں۔ اس موقع پر فرح خان نے انکشاف کیا کہ ثانیہ کے کچھ دوست ان سے پوچھتے رہتے ہیں کہ کیا وہ واقعی سنگل ہیں؟
اس پر ثانیہ مرزا نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری زندگی میں کوئی مرد نہیں اور مجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ مستقبل میں کوئی میری زندگی میں آئے گا یا نہیں۔
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ان کی ذاتی زندگی ایک بار پھر زیرِ بحث آگئی ۔ دونوں نے 2010 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2018 میں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ دونوں 2023 میں الگ ہوگئے جبکہ شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔
ثانیہ مرزا نے علیحدگی کے بعد اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا اور خاندان و پیشہ ورانہ مصروفیات پر توجہ مرکوز کیے رکھی۔
انہوں نے 2023 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ ثانیہ نے خواتین اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتے جبکہ سنگلز عالمی رینکنگ میں ان کی بہترین پوزیشن 27ویں رہی۔
Source link

