اے ایم یو اور جامعہ کو ’دہشت گردی کا اڈہ‘ بتانے پر طلبہ تنظیم جے کے ایس اے نے یوپی کے وزیر کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا

AMU JMI Raghuraj Singh


علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور اتر پردیش کے بی جے پی لیڈر ٹھاکر رگھوراج سنگھ۔ (فوٹو: پبلک ڈومین)

اتر پردیش سرکار میں وزیر ٹھاکر رگھوراج سنگھ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ’دہشت گردی کا اڈہ‘ بتاتے ہوئے دونوں اداروں کو بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ان کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے انہیں کابینہ سے ہٹانے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نئی دہلی: طلبہ تنظیم جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (جے کے ایس اے) نے اتر پردیش حکومت کے وزیر ٹھاکر رگھوراج سنگھ کو کابینہ سے ہٹانے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سنگھ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ’دہشت گردی کا اڈہ‘ بتاتے ہوئے دونوں اداروں کو بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔

بدھ (11 نومبر) کو جاری ایک بیان میں جے کے ایس اے نے سنگھ کے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس طرح کے بیان سے طلبہ کی بدنامی اور یونیورسٹی کیمپس میں ڈر اور دشمنی کا ماحول پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کہویہامی نے کہا،’یہ تشویشناک ہے کہ ہندوستان کے تعلیمی شعبے کو درپیش سنگین چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے بجائے ایک منتخب عوامی نمائندہ یونیورسٹیوں کو بدنام کرنے میں مصروف ہے۔‘

منگل (10 نومبر) کو ٹی وی چینلوں اور ایک خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے رگھوراج سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ ان دونوں یونیورسٹیوں کو ’ہندو ٹیکس دہندگان کے پیسوں‘ سے چلایا جاتا ہے، لیکن یہاں ’غداروں اور دہشت گردوں‘ کو تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ دونوں اداروں کو بند کرنا چاہتے ہیں اور ان کی جگہ ایک ’ہندوستان یونیورسٹی‘ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کے نام سے ’مسلم‘لفظ ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔

سنگھ نے کہا، ’اگر مجھے زندگی میں کبھی موقع ملا تو میں سب سے پہلے مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کو بند کر دوں گا، کیونکہ ہندوؤں کے ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والے ان اداروں میں غدار پنپتے ہیں۔‘

سنگھ نے اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر اور سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے مسلم شناخت کو ملک سے غداری اور دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے کئی تبصرے کیے۔

اب طلبہ تنظیم نے کہا ہے کہ ان دونوں یونیورسٹیوں نے ہندوستان کی تعلیمی ترقی اور فکری نشوونما میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تنظیم نے بی جے پی قیادت اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی کہ وہ سنگھ کے بیانوں کی مذمت کریں۔ناصر نے کہا کہ جامعہ اور اے ایم یو جیسے ادارے ہندوستان کے ہیں اور وہاں زیر تعلیم طلبہ ملک کے مستقبل کا اٹوٹ حصہ ہیں۔

جے کے ایس اے کے بیان میں کہا گیا، ’آئینی عہدوں پر فائز منتخب عوامی نمائندوں کو ایسے بیانات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے، جن سے تعلیمی اداروں اور طلبہ کو بدنام کیا جا سکتا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا، ’یونیورسٹیوں کے کیمپس تعلیم، تحقیق، مباحثے، سائنسی دریافت اور فکری ترقی کے مرکز ہوتے ہیں، نہ کہ سیاسی انتقام یا فرقہ وارانہ پروپیگنڈے کا نشانہ۔‘

اتر پردیش حکومت کے وزیر سنگھ نے یہ متنازعہ تبصرے ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل کیے ہیں۔ ریاست میں فروری-مارچ 2027 میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ