اسحاق ڈار کی عباس عراقچی سے ملاقات، ای سی او کی ترجیحات اور خطے میں امن کیلیے اقدامات پر گفتگو

abbas aragchi and ishaq dar1794846627 0



اسلام آباد:

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ اور ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے دوطرفہ ملاقات کی
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماوٴں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور نتیجہ خیز مذاکرات، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔

دونوں فریقین نے ای سی او کی ترجیحات بالخصوص علاقائی تعاون اور رابطوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے زور دیا کہ مکالمہ اور سفارتکاری ہی تصفیہ طلب مسائل کے حل، کشیدگی کی روک تھام اور پائیدار امن و استحکام کے حصول کا واحد راستہ ہے۔

فریقین نے مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دریں اثنا اسحاق ڈار سے ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلی کایا کی ملاقات ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا، اسحاق ڈار نے ای سی او اجلاس میں فعال شرکت پر ترکیہ سے اظہار تشکر کیا۔

ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ نے پرتپاک مہمان نوازی پر پاکستان سے اظہار تشکرکیا، دونوں ممالک نے علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ