ایک بیٹ رپورٹر کی نظر سے سونیا گاندھی کی سوانح حیات

PTI11 10 2026 000225B 1200x600 1


فائل فوٹو: 17 مئی 1999 کو نئی دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سونیا گاندھی۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

سونیا گاندھی کی کتاب ایک ایسی عورت کی داستان ہے جو اٹلی کے چھوٹے سے قصبے سے نکل کر ہندوستان کے سب سے طاقتور سیاسی خاندان کی بہو بنی، جس نے اپنوں کے لاشے اٹھائے، تہذیب و ثقافت کے رنگوں میں خود کو ڈھالا اور بادل ناخواستہ سیاست کے خارزار میں قدم رکھ کر تاریخ کا رخ موڑنے کی کوشش کی۔ یہ کتاب جذباتی سچائی، خاندانی گرم جوشی اور سیکولر ہندوستان کے لیے ان کے درد کو بڑی خوبصورتی سے بیان کرتی ہے، لیکن تاریخ کے طالبعلموں اور دہلی کے سیاسی گلیاروں کی خاک چھاننے والے صحافیوں کے لیے اس میں تشنگی بھی ہے اور حقائق کی لغزشیں بھی ہیں۔

انیس سو ستانوے (1997) کے آس پاس کا زمانہ تھا جب میں نے بطور ایک بیٹ رپورٹر کانگریس پارٹی کو کورکرنا شروع کردیا۔ دہلی کی صحافت میں وہ ایک نہایت ہنگامہ خیز اور تاریخی سال تھا۔

جون 1997 میں کچھ عرصہ عبوری صدر رہنے کے بعد سیتا رام کیسری نے دہائیوں بعد پارٹی کے پہلے کھلے تنظیمی صدارتی انتخاب میں حصہ لیا اور شرد پوار اور راجیش پائلٹ جیسے قدآور اور تجربہ کار رہنماؤں کو بھاری اکثریت سے شکست دے دی۔ اس فتح نے پارٹی کی تنظیمی مشینری پر کیسری کی گرفت تو مضبوط کر دی، لیکن عوامی سطح پر کانگریس کا جہاز تیزی سے ڈوب رہا تھا۔

پارٹی کئی دھڑوں میں بٹ چکی تھی اور متعدد بڑے رہنما راہیں الگ کر چکے تھے۔ 1991 کے عام انتخابات میں 244 نشستیں جیتنے والی یہ ملک گیر جماعت 1996 میں سمٹ کر 140 نشستوں پر آ گئی تھی۔

پھر اندر کمار گجرال کی مخلوط حکومت سے حمایت واپس لے کر 1998 میں ملک پر ایک اور انتخاب تھوپنے کے بعد بھی پارٹی کی نشستوں کی تعداد محض ایک کے اضافے کے ساتھ 141 تک ہی پہنچ سکی۔

ان دنوں 24 اکبر روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں روزانہ سہ پہر چار بجے باقاعدہ پریس بریفنگ ہوا کرتی تھی۔ نجی ٹی وی چینلوں کی بھرمار ابھی شروع نہیں ہوئی تھی، اس لیے پارٹی کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے اور معروف ترجمان وٹھل نارائن گاڈگل ایک نسبتاً چھوٹے کمرے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے تھے۔

رسمی بریفنگ کے بعد ہم صحافی پارٹی دفتر کی راہداریوں میں گھومتے پھرتے، جنرل سکریٹریوں کے کمروں میں جھانکتے اور اندرونی خبروں کی ٹوہ لیتے رہتے تھے۔ لیکن جب سیتا رام کیسری صدر بنے تو وہ صحافیوں کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہنے لگے۔

بریفنگ کے بعد ہم اکثر صدر کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹاتے اور وہ بڑی خوش اخلاقی سے ہمیں اندر بلا لیتے، چائے پلاتے اور سیاسی گپ شپ و اندرونی سیاست پر کھل کر بات کرتے۔

مجھے یاد ہے کہ ان دنوں لوک سبھا انتخابات کے دوران سری نگر کی پارلیامانی نشست پر ایک دلچسپ اور ڈرامائی واقعہ پیش آیا تھا۔ کانگریس ہائی کمان نے نیشنل کانفرنس کے امیدوار عمر عبداللہ کے حق میں اپنا امیدوار دستبردار کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس انتخاب میں کانگریس نے  سابق رکن پارلیامان آغا سید روح اللہ مہدی کے والد معروف شیعہ رہنما آغا سید مہدی،کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

عمر عبداللہ کا یہ پہلا انتخابی معرکہ تھا۔ انتخابی مہم کے عین دوران اس وقت کے کانگریس صدر سیتا رام کیسری نے باقاعدہ ایک خط اور ہدایت نامہ جاری کر کے آغا سید مہدی سے کہا کہ وہ عمر عبداللہ کے حق میں اپنی امیدواری واپس لے لیں۔ جب میں نے اس غیر متوقع فیصلے کے بارے میں خود سیتا رام کیسری سے سوال کیا تو انہوں نے بڑے جذباتی اور روایتی انداز میں جواب دیا؛


شیخ عبداللہ کا پوتا پہلی بار انتخاب لڑ رہا ہے، بھلا ہم ان کے خلاف اپنا امیدوار کیسے کھڑا کر سکتے ہیں؟


تاہم، زمینی سطح پر آغا سید مہدی نے پارٹی صدر کے اس حکم کو ماننے سے صاف انکار کر دیا۔ انہوں نے ہائی کمان کی ہدایت سے بغاوت کرتے ہوئے انتخابی میدان سے ہٹنے کے بجائے کانگریس کے ہی انتخابی نشان پر الیکشن لڑا۔

خیر 1998 کے عام انتخابات کے نتائج آنے کے ٹھیک ایک ہفتے بعد، جب کانگریس ایک بار پھر شکست سے دوچار ہو چکی تھی اور پارٹی کو دوبارہ زندہ کرنے کی کیسری کی تمام امیدیں خاک میں مل چکی تھیں، مجھے 9 مارچ 1998 کا وہ دن آج بھی اچھی طرح یاد ہے۔ حسبِ معمول ہم پریس بریفنگ کے کمرے میں گاڈگل کی آمد کے منتظر تھے۔

ان دنوں بی جے پی کی بریفنگ تین بجے اور کانگریس کی چار بجے ہوا کرتی تھی۔ دونوں جماعتوں کی بریفنگ کے آداب میں ایک دلچسپ فرق یہ بھی تھا کہ بی جے پی والے بریفنگ ختم ہونے کے بعد ہال سے باہر چائے اور سموسے پیش کرتے تھے، جبکہ کانگریس والے بریفنگ شروع ہونے سے پہلے ہی صحافیوں کی نشستوں پر چائے اور سموسے پہنچا دیتے تھے۔

اس دن ہم اپنی نشستوں پر بیٹھے چائے کی چسکیاں لے رہے تھے کہ اچانک بریفنگ روم کا اندرونی راہداری کی طرف کھلنے والا دروازہ کھلا اور گاڈگل کے بجائے خود کانگریس کے صدر سیتا رام کیسری کمرے میں داخل ہوئے اور سیدھا گاڈگل کی کرسی پر آ کر بیٹھ گئے۔

انتخابی شکست کی مایوسی اور اداسی ان کے چہرے سے عیاں تھی۔ بیٹھتے ہی انہوں نے نہایت دھیمی آواز میں کہا کہ انہوں نے پارٹی صدر کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ سونیا گاندھی سے اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر پارٹی کی باگ ڈور سنبھالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گاندھی خاندان کے بغیر کانگریس کا کوئی مستقبل نہیں ہے، اور جب بھی اس خاندان نے پارٹی سے دوری اختیار کی، کانگریس تباہی کے دہانے پر جا پہنچی ہے۔

جو لوگ کیسری کو جانتے ہیں، انہیں یاد ہوگا کہ وہ بہت دھیمے لہجے میں بات کرتے تھے۔ ہمیں پہلے تو اپنے کانوں پر یقین نہ آیا اور ہم نے ان سے اپنی بات دہرانے کی درخواست کی۔ انہوں نے ایک دو جملے دہرائے اور پھر خاموشی سے اٹھ کر اپنے کمرے کی طرف لوٹ گئے۔

جیسے ہی یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور نیوز ایجنسیوں کے ٹکر چلنے لگے، کانگریس کے رہنماؤں کا تانتا 24 اکبر روڈ پر بندھ گیا۔

ہم تمام صحافی بریفنگ بھول کر کیسری کے کمرے میں گھس گئے، جہاں وہ اپنے اس ارادے کی وضاحت کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ابھی باضابطہ استعفیٰ نہیں دیا ہے، بلکہ مستعفی ہونے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

پارٹی کے آئین کے مطابق وہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی یعنی اے آئی سی سی کا اجلاس بلائیں گے جس نے انہیں منتخب کیا تھا، وہیں اپنا استعفیٰ پیش کریں گے اور سونیا گاندھی کا نام تجویز کریں گے۔

لیکن 14 مارچ کو  کانگریس ورکنگ کمیٹی کے 13 اراکین نے ایک مشترکہ خط جاری کیا اور 14 مارچ 1998 کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے کیسری کے 9 مارچ کے اعلان کو ہی حتمی اور لازمی استعفیٰ قرار دے دیا۔

ان تمام دنوں میں کیسری دفتر نہیں آئے۔ 14 مارچ کو انتہائی بے توقیری اور بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے کمرے کے تالے توڑ دیے گئے، وہاں موجود ان کا تمام ذاتی سامان بے ترتیبی سے سمیٹ کر باہر کھڑی ایک جیپ میں پھینکا گیا تاکہ ان کے گھر بھجوایا جا سکے۔

اس کے بعد کمرے کی صفائی کی گئی اور اسے اسپیشل پروٹیکشن گروپ یعنی  یس پی جی کے کمانڈوز کے حوالے کر دیا گیا، جو سابق وزیر اعظم کے اہل خانہ ہونے کے ناطے سونیا گاندھی اور ان کے بچوں کی حفاظت پر مامور تھے۔

کمانڈوز نے پوری راہداری کو سینیٹائز کیا اور صدر کے کمرے پر مہر بند تالا لگا دیا، جو اب صرف اس وقت کھلتا تھا جب سونیا گاندھی وہاں تشریف لاتیں، اور وہ بھی صرف ایس پی جی کے اہلکار ہی کھولتے تھے۔ اس راہداری تک ہم صحافیوں کی رسائی ہمیشہ کے لیے محدود ہو گئی۔ کانگریس صدر کے کمرے میں ہم آخری بار تبھی گئے تھے جب سیتا رام کیسری صدر تھے۔

سونیا گاندھی اب عملی طور پر کانگریس کی صدر بن چکی تھیں، اگرچہ باضابطہ طور پر انہوں نے اپریل 1998 میں عہدہ سنبھالا جب اے آئی سی سی کا ایک روزہ اجلاس بلا کر ان کی صدارت کی توثیق کی گئی۔

مجھے ان کا وہ پہلا میڈیا انٹریکشن بھی یاد ہے جو راجیہ سبھا کی ڈپٹی چیئرپرسن نجمہ ہپت اللہ نے اپنی رہائش گاہ پر منعقد کیا تھا۔ انہوں نے کانگریس بیٹ کور کرنے والے چنیدہ صحافیوں اور چند ایڈیٹروں کو مدعو کیا تھا۔

نجمہ ہپت اللہ نے ہم میں سے ہر ایک کو ذاتی طور پر فون کر کے درخواست کی تھی کہ یہ مسز گاندھی کا صحافیوں سے پہلا تعارف ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ انہیں میڈیا سے مانوس کرایا جائے اور یہ تاثر دیا جائے کہ میڈیا ان کا دشمن یا حریف نہیں ہے۔

انہوں نے بار بار تاکید کی تھی کہ ان سے کوئی سخت یا چبھتا ہوا سوال نہ پوچھا جائے۔ خیر، یہ ملاقات ہوئی اور محض بیس تیس منٹ میں ختم ہو گئی۔ انہوں نے زیادہ سوال نہیں لیے اور نہ ہی پارٹی کو دوبارہ کھڑا کرنے کے حوالے سے اپنا کوئی لائحہ عمل پیش کیا۔ اس روز وہ گفتگو میں بھی کچھ خاص رواں یا پراعتماد نظر نہیں آئی۔

مگر عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے مدھیہ پردیش کے پرفضا مقام پچمڑھی میں پارٹی کا ایک غور و فکر اجلاس (چنتن شیور) طلب کیا۔ ان کے دورِ صدارت میں ایسے تین بڑے اجلاس منعقد ہوئے، جنہوں نے کانگریس پارٹی کا رخ متعین کیا۔  مجھے ان تینوں کی کوریج کا موقع ملاہے۔

پچمڑھی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کانگریس اپنی کھوئی ہوئی زمین واپس حاصل کرنے کے لیے تنہا میدان میں اترے گی۔ پچمڑھی کا نعرہ تھا ”اکیلا چلو“۔ یہ طے پایا کہ اتحادی جماعتیں کانگریس کے ووٹوں کا فائدہ تو اٹھا لیتی ہیں لیکن اپنے ووٹ کانگریس کو منتقل نہیں کرتی ہیں۔ لیکن محض ایک سال بعد، 1999 میں جب واجپائی حکومت گر گئی اور سونیا گاندھی متبادل حکومت بنانے میں ناکام رہیں، تو وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کو ایک اور بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کی قیادت میں لڑے جانے والے اس پہلے انتخاب میں پارٹی کی نشستیں مزید گھٹ کر 114 رہ گئیں، حالانکہ تنہا لڑنے کی وجہ سے ووٹ شیئر میں معمولی سا اضافہ ضرور ہوا تھا۔

یہ حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ ان انتخابات کے فوراً بعد شرد پوار اور پی اے سنگما جیسے سینئر رہنماؤں نے ان کے غیر ملکی نژاد ہونے کا سوال اٹھا کر بغاوت کر دی اور پارٹی سے الگ ہو گئے۔

سونیا گاندھی کی صدارت کے دوران ایک بات بہت واضح طور پر سامنے آئی کہ کانگریس بائیں بازو اور اعتدال پسند سیاست کی طرف جھک رہی تھی اور اپنی صفوں سے دائیں بازو کے عناصر کو نکال باہر کر رہی تھی۔ تاریخی طور پر کانگریس ایک وسطی جماعت ہوا کرتی تھی، جس میں جناردن دویدی اور پی وی نرسمہا راؤ جیسے سخت گیر ہندو قوم پرستوں سے لے کر انتہائی بائیں بازو کے نظریات رکھنے والے سبھی شامل تھے۔ 1998 اور 1999 کی ناکامی کے بعد سونیا گاندھی نے 2003 میں شملہ میں دوسرا بڑا چنتن شیور بلایا۔ چونکہ یہ اجلاس 2002 کے گجرات فسادات کے پس منظر میں ہو رہا تھا، جس نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا، اس لیے اجلاس کا مرکزی نکتہ فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنا قرار پایا۔

یہ فیصلہ کیا گیا کہ کانگریس ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر کے انتخابات لڑے گی۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی طے پایا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کا مقابلہ کرنے کے لیے کانگریس زمینی سطح پر ویسا ہی منظم کیڈر تیار کرے گی جو گاؤں اور محلے کی سطح پر ہندوتوا نظریے کا راستہ روکے اور سیکولر و گاندھیائی اقدار کا پرچار کرےگا۔

پھر 2004 آیا، اور شملہ کی اس حکمت عملی نے کرشمہ کر دکھایا۔ کانگریس نے 145 نشستیں جیتیں اور اس کے اتحادیوں، بالخصوص ڈی ایم کے اور آر جے ڈی نے بھی شاندار کامیابیاں حاصل کی۔ بائیں بازو کے محاذ نے تقریباً 59 نشستیں جیت کر حکومت کو باہر سے حمایت دے دی۔ اگرچہ سونیا گاندھی نے خود وزیر اعظم بننے کے بجائے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو نامزد کیا، لیکن انہوں نے اپنی سربراہی میں نیشنل ایڈوائزری کونسل تشکیل دی، جس میں سول سوسائٹی کے ان نمائندوں کو جگہ دی گئی جن کی آوازیں عموماً بیوروکریسی کی راہداریوں میں دب کر رہ جاتی تھیں۔

اگرچہ انہوں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی بھرپور پشت پناہی کی اور ان کے روزمرہ کے حکومتی فیصلوں میں براہ راست مداخلت نہیں کی، لیکن اس مشاورتی کونسل نے سماجی قانون سازی کے میدان میں تاریخ ساز کارنامے انجام دیے۔ حق معلومات آر ٹی آئی،  فوڈ سکیورٹی، مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ  اور گھریلو تشدد سے خواتین کے تحفظ جیسے انقلابی قوانین اسی کونسل کی دین تھے۔ اگر کانگریس کی قیادت والے متحدہ ترقی پسند محاذ یعنی یو پی اے کے پہلے پانچ برسوں کو جدید ہندوستان کا سنہری دور کہا جائے تو ہرگز بے جا نہ ہوگا۔

لیکن 2008 آتے آتے حالات پٹری سے اترنے لگے، کیونکہ اب سونیا گاندھی کی تمام تر توجہ راہل گاندھی کو مستقبل کے رہنما کے طور پر پیش کرنے پر مرکوز ہو چکی تھی۔ اسی سیاسی مصلحت کے تحت انہوں نے پاکستان کے ساتھ امن کے حوالے سے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے فارمولے کی حمایت نہیں کی۔ 5 فروری 2017 کو کیرالہ لٹریری فیسٹیول میں معروف قانون دان اور مؤرخ اے جی نورانی نے دو ٹوک الفاظ میں سونیا گاندھی کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹر سنگھ کو مشرف فارمولے پر آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی، جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن لا سکتا تھا۔

میں خود 23 اور 24 مئی 2006 کے ان لمحات کا عینی شاہد ہوں جب پاکستان کے سکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل  (ریٹائرڈ)طارق وسیم غازی سیاچن گلیشیئر کو غیر فوجی علاقہ بنانے اور سر کریک کے تنازع کو حل کرنے کے لیے اپنے ہندوستانی ہم منصب شیکھر دت سے مذاکرات کرنے نئی دہلی آئے تھے۔ ان مذاکرات سے قبل دونوں ممالک کے خارجہ سکریٹریوں، شیام سرن اور ریاض محمد خان، نے خاموشی سے سیاچن سے فوجی انخلا کا ایک مسودہ تیار کر لیا تھا۔

وزیر اعظم منموہن سنگھ سیاچن کو ”امن کے پہاڑ“ میں تبدیل کرنے کے لیے بے تاب تھے اور انہیں امید تھی کہ اس دورے میں معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ 23 مئی کو یہ اجلاس نئی دہلی کے ہوٹل میریڈیئن میں ہو رہا تھا، اور 24 مئی کو معاہدے پر دستخط کی تقریب کے ساتھ صحافیوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی طے تھا۔ لیکن 23 مئی کی شام شمال-مشرق کے دورے پر موجود اس وقت کے آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے سیاچن سے فوجیوں کی واپسی پر سخت اعتراض اٹھایا۔

نتیجتاً معاہدے پر دستخط مؤخر کر دیے گئے اور یہ طے پایا کہ تجاویز کا مزید جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد میں ہونے والے اگلے اجلاس میں اس پر دستخط ہوں گے۔ سابق سکریٹری خارجہ شیام سرن نے بعد ازاں 2017 میں شائع ہونے والی اپنی کتاب ”ہاؤ انڈیا سیز دی ورلڈ“ میں جنرل جے جے سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائنن کی جانب سے آخری لمحات میں اس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔بعد میں یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ بیان سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کی ایما پر فوجی سربراہ سے دلوایاگیا تھا۔

اس کے بعد 6 اور 7 اپریل 2007 کو راولپنڈی میں سکریٹری دفاع کی سطح کے مذاکرات دوبارہ ہوئے، جہاں شیکھر دت نے پاکستان کے نئے سکریٹری دفاع کامران رسول سے ملاقات کی۔ یہ وہ وقت تھا جب اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات سر پر تھے۔ سونیا گاندھی کی رہائش گاہ 10 جن پتھ پر ہونے والے کانگریس کور گروپ کے ایک اجلاس میں احمد پٹیل نے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی سخت سرزنش کی کہ عین اس وقت سکریٹری دفاع کو پاکستان کیوں بھیجا گیا۔

پٹیل کا کہنا تھا کہ سیاچن سے فوجی انخلا کی کوئی بھی خبر یا معاہدہ  اتر پردیش کے انتخابات میں کانگریس کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا اور راہل گاندھی کا سیاسی کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کر دے گا، کیونکہ راہل کا پورا سیاسی مستقبل اسی مفروضے پر استوار کیا جا رہا تھا کہ وہ یو پی میں کانگریس کو دوبارہ زندہ کریں گے۔

حالانکہ ہندوستان کا یہ مطالبہ بھی پاکستان نے مان لیا تھا کہ فوجی واپسی سے قبل موجودہ زمینی پوزیشن لائن کی تصدیق مرکزی معاہدے کے ساتھ ایک ضمیمے میں کر دی جائے گی۔ لیکن اپریل 2007 کے بعد سیاچن پر مذاکرات چار سال کے لیے منجمد کر دیے گئے، اور پھر پاکستان کے اندرونی سیاسی بحران اور نومبر 2008 کے ممبئی حملوں نے سارے عمل کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔

 کور گروپ کے اس اجلاس میں جب احمد پٹیل وزیر اعظم پر برس رہے تھے اور انہیں راہل کا کیریئر داؤ پر لگانے کا طعنہ دے رہے تھے، تو ماضی کے برعکس جب سونیا گاندھی فوراً منموہن سنگھ کے دفاع میں کھڑی ہو جاتی تھیں،اس بار وہ بالکل خاموش رہیں۔ بالآخر ڈاکٹر سنگھ کو یہ دوٹوک انتخاب دیا گیا کہ پارٹی یا تو ہندوستان-امریکہ جوہری معاہدے پر عوامی رائے عامہ ہموار کر سکتی ہے یا پاکستان کے ساتھ امن عمل پر۔ جوہری معاہدے پر بائیں بازو کے 59 اراکین پارلیامنٹ پہلے ہی حمایت واپس لینے کی دھمکی دے چکے تھے۔

ادھر اتر پردیش کے جس انتخاب کیلئے امن مساعی روک دی گئی تھی، اس میں مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی نے 206 نشستیں جیت کر مکمل اکثریت حاصل کر لی اور کانگریس محض 22 نشستوں پر سمٹ گئی۔ بعد ازاں سنجے بارو نے بھی اپنی کتاب ”دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر“ میں لکھا کہ ملکی سیاست کے دباؤ نے منموہن سنگھ کو امن مساعی کو آگے بڑھنے سے روکے رکھا۔یہی نہیں، سونیا گاندھی نے 2009 کے لوک سبھا انتخابات میں بھی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو براہ راست انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں دی،جسے وہ بہ آسانی جیت سکتے تھے، تاکہ وہ مستقبل میں راہل گاندھی کے سیاسی عزائم کے لیے کسی قسم کا چیلنج نہ بن سکیں۔

پھر 2013 میں جے پور میں کانگریس کا تیسرا چنتن شیور منعقد ہوا، جس میں فرقہ پرستی کے مقابلے کو پس پشت ڈال کر نوجوانوں اور ان کی امنگوں پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی اجلاس میں پارٹی کے نائب صدر بنائے جانے والے راہل گاندھی کانگریس کو لیفٹ لبرل سے  واپس اس کے پرانے وسطی  ڈھانچے کی طرف لے جانا چاہتے تھے۔

جب ہم صحافیوں نے غیر رسمی گفتگو میں انہیں یاد دلایا کہ 2003 کے شملہ اجلاس میں آر ایس ایس کا نظریاتی مقابلہ کرنے کے لیے کیڈر بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، تو راہل نے صاف کہا کہ کانگریس کو کسی ایک نظریاتی پوزیشن لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے دور سے کانگریس کی کوریج کرنے والے سینئر صحافیوں نے اسی وقت کہہ دیا تھا کہ پارٹی گھڑی کی سوئیاں پیچھے موڑ رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ سونیا گاندھی کا دور محض ایک استثنیٰ تھا۔ لیکن راہل گاندھی کو اس بات کا ادراک نہیں تھا کہ اندرا گاندھی کے زمانے کے بعد گنگا میں بہت سا پانی بہہ چکا ہے۔ اسی غیر واضح پالیسی اور ان کی کمان میں 2014 کے عام انتخابات میں کانگریس اپنی تاریخ کی کم ترین سطح یعنی محض 44 نشستوں پر آ گری، جو اتفاق سے اس وقت راہل گاندھی کی عمر بھی تھی۔

Screenshot 2026 11 16 at 8.43.52 AM
’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘، سونیا گاندھی، ہارپرکولنز

سونیا گاندھی کی حال ہی میں شائع ہونے والی ضخیم یادداشتوں کی کتاب  ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کا مطالعہ کرتے ہوئے یہ تمام واقعات کسی فلم کی طرح میرے ذہن کے پردے پر گھوم رہے تھے۔ چھ سو سے زائد صفحات پر پھیلی اس کتاب میں ان تمام داخلی کشمکش، تاریخی موڑ اور سیاسی مصلحتوں کا کوئی ذکر نہیں ہے جو برسوں سے کانگریس کو قریب سے دیکھنے والے مبصرین کے ذہنوں میں کھٹکتے رہے ہیں۔

اس کے برعکس، سونیا گاندھی نے اپنی اس کتاب کو ایک ذاتی، جذباتی اور تہذیبی سفرنامے کے طور پر پیش کیا ہے۔

کتاب میں وہ اپنے خاندان کی گہری کشمیری جڑیں، صدیوں پرانی تہذیبی روایات اور ان سیاسی فیصلوں کا جائزہ لیتی ہیں جنہوں نے جنت نظیر وادی کو آتش و آہن کی نذر کر دیا، جبکہ ساتھ ہی عام پاکستانیوں کی گرم جوشی اور سابق پاکستانی وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے ساتھ ایک غیر معمولی اور پراسرار ملاقات کا احوال بھی بیان کرتی ہیں۔

کتاب کا متاثر کن حصہ کشمیر سے متعلق ہے، جہاں سونیا گاندھی وادی کو ایک طرف خاندانی تعطیلات، شادی بیاہ اور ذاتی دوستیوں کے حسین استعارے کے طور پر یاد کرتی ہیں، اور دوسری طرف شورش، تشدد اور سیاسی بے یقینی کی لپیٹ میں آئے ہوئے خطے کے طور پر دیکھتی ہیں۔

سال 2003 میں اپنے دورہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وہ لکھتی ہیں کہ سخت سکیورٹی کے حصار میں ڈل جھیل کے کنارے چہل قدمی کرتے ہوئے وہ اس کشمیر کا موازنہ کر رہی تھیں جسے انہوں نے ایک نئی نویلی دلہن کے روپ میں دیکھا تھا، اور اس کشمیر سے جو اب شک اور تشدد کے سائے میں سانس لے رہا تھا۔ وہ کتاب میں سوال اٹھاتی ہیں؛


اس پیاری ریاست کو اس حال تک پہنچانے کے لیے نجانے کتنی غلطیاں کی گئیں، جن میں سے کچھ نیک نیتی سے بھی سرزد ہوئیں؟


 ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے وہ ان تمام واقعات کا تذکرہ کرتی ہیں جن کا نتیجہ بالآخر 2019 میں کشمیر کی ریاستی حیثیت کے خاتمے کی صورت میں نکلا۔ کانگریس کی سابق صدر کے قلم سے نکلنے والے یہ الفاظ غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ جس دور میں نئی دہلی اور سری نگر کے تعلقات میں یہ بنیادی اور تلخ تبدیلیاں آئیں، اس پورے عرصے میں اقتدار کا مرکز انہی کا خاندان رہا تھا۔

تاہم، سونیا گاندھی کا کشمیر نامہ سیاست سے نہیں بلکہ خاندانی نسب، شادی کی رسومات، پکوانوں، تہواروں اور نہرو-گاندھی گھرانے کی جذباتی زندگی میں وادی کے مقام سے شروع ہوتا ہے۔ وہ یاد دلاتی ہیں کہ ان کی ساس اندرا گاندھی الہ آباد میں پیدا ضرور ہوئیں، لیکن ان کا تعلق ایک کشمیری پنڈت خاندان سے تھا۔

نہرو اور کول خاندانوں کی شناخت نسلوں تک کشمیر سے باہر رہنے کے باوجود ان کے گھریلو رسم و رواج میں زندہ رہی۔ جب 25 فروری 1968 کو سونیا کی راجیو گاندھی سے شادی ہوئی تو اندرا گاندھی نے اس بات کا خاص اہتمام کیا کہ خاندان کی کشمیری اور پارسی دونوں شاخوں کو تیاریوں میں شامل کیا جائے۔

سونیا لکھتی ہیں کہ مسز گاندھی نے پارسیوں، کولوں اور نہروؤں کے رشتہ داروں کو دعوت ناموں، سجاوٹ، پھولوں کے زیورات اور سنسکرت کے منتر پڑھنے کی ذمہ داریاں سونپیں۔ ان کی شادی کی ساڑھی بھی بذات خود ایک تاریخ تھی، جو اس کھادی سے بنی تھی جس کا سوت جواہر لال نہرو نے برطانوی راج کے خلاف جدوجہد کے دوران جیل میں کاٹا تھا۔

شادی سے قبل معروف فلم اسٹار امیتابھ بچن کے والدین کی رہائش گاہ پر اندرا گاندھی کی کزن اور معروف مصنفہ نین تارا سہگل نے سونیا کو پھولوں کے زیورات پہنائے، جس کے بعد مہندی کی رسم ادا کی گئی۔

شادی کے موقع پر اندرا گاندھی کی منتخب کردہ ویدک دعائیں کشمیری خواتین اور لڑکیوں نے پڑھیں۔ تقریباً تین دہائیوں بعد 1997 میں جب ان کی بیٹی پرینکا گاندھی کی کاروباری شخصیت رابرٹ واڈرا سے شادی ہوئی تو کشمیری روایات پھر زندہ ہو اٹھیں۔

سونیا لکھتی ہیں کہ پرینکا کو اصرار تھا کہ ان کی شادی مکمل کشمیری ہندو رسومات کے مطابق ہو۔ ’پھولوں کا گہنا‘ اور مہندی کے بعد گنیش پوجا، شادی کی مرکزی رسومات اور آخر میں ’پوش پوجا‘ کا اہتمام کیا گیا۔ خاندانی پروہت ریو گرو، جنہوں نے شادیوں میں رسومات ادا کرنا ترک کر دیا تھا، پرینکا کے لیے خصوصی طور پر آمادہ ہوئے۔

کتاب میں اندرا گاندھی کے کشمیری نئے سال ’نوروز‘ جسے کشمیر میں ’نوریہ‘ کہا جاتا ہے کا تذکرہ بھی بڑی خوبصورتی سے کیا گیا ہے۔

ایک صبح سویرے اندرا گاندھی چاولوں سے بھری ایک تھالی لے کر سونیا کے بیڈروم کا دروازہ کھٹکھٹاتی ہیں۔ اس تھالی میں آئینہ، دہی، مٹھائی، سیندھا نمک، بادام، ایک قلم، سونے کا سکہ، سرخ دھاگہ، جنتری، کمکم اور گلاب کا پھول سجا ہوا تھا۔ اندرا نے اپنی بہو سے کہا کہ پہلے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھے اور پھر تھالی میں رکھی چیزوں پر نظر ڈالے۔

انہوں نے گلاب کے پھول سے سونیا کی آنکھوں کو چھوا، ماتھے پر تلک لگایا، پیار کیا اور ساڑھی و خاندانی زیورات تحفے میں دیے۔ سونیا وضاحت کرتی ہیں کہ ”قلم خاندان کے پیشے کی علامت تھا اور سونے کا سکہ خوشحالی کی۔“ اس روز خاندان نے روایتی کشمیری کھانا کھایا جس میں مٹن کوفتے، ہاک یعنی ساگ، چاول، دال اور میٹھے چاول شامل تھے۔

راجیو گاندھی کے ساتھ ہنی مون کے دوران سونیا کا کشمیر سے پہلا براہ راست تعارف ہوا۔ یہ جوڑا نگین جھیل پر ایک لکڑی کے ہاؤس بوٹ میں ٹھہرا اور سری نگر کے مغل باغات شالیمار، نشاط اور چشمہ شاہی کی سیر کی۔ وہ پرانے شہر گئے اور پہلگام بھی پہنچے، جہاں کی بچپن کی یادیں راجیو کے ذہن میں تازہ تھیں۔

وہاں ان کی ملاقات رمضانہ نامی ایک گھوڑے والے سے ہوئی جو راجیو کو بچپن سے جانتا تھا۔ رمضانہ نے اس جوڑے کو اپنے گھر مدعو کیا، کھانا کھلایا اور اخروٹ، بادام، شہد، زعفران اور مقامی بنی ہوئی شال تحفے میں دی۔ سونیا عام کشمیریوں کی اس بے لوث محبت اور مہمان نوازی کو آج بھی شدت سے یاد کرتی ہیں۔

کتاب میں اکتوبر 1984 میں اندرا گاندھی کے کشمیر کے آخری دورے کا بھی ذکر ہے، جو ان کے قتل سے محض چند دن پہلے ہوا تھا۔ اندرا گاندھی خزاں میں چنار کے پتوں کو سنہری اور سرخ ہوتے دیکھنا چاہتی تھیں، جو ان کے بچپن کا محبوب منظر تھا۔

اس دورے میں وہ سرینگر میں  ہری پربت پہاڑی پر واقع  شاریکا دیوی مندر اور پاس میں ہی حضرت مخدوم صاحب کی درگاہ پر حاضری دینے گئیں۔سونیا یاد کرتی ہیں کہ اندرا گاندھی کچھ مایوس لوٹیں کیونکہ چنار کے پتوں پر ابھی خزاں کا رنگ پوری طرح نہیں چڑھا تھا۔ سونیا لکھتی ہیں؛


کشمیر لوٹنے کی وہ اچانک شدید خواہش ان کے باطن کی گہرائیوں سے ابھری تھی۔


 وہ یہ انکشاف بھی کرتی ہیں کہ ان کی ساس کی یہ خواہش تھی کہ مرنے کے بعد ان کی میت کو جلانے کے بجائے کشمیر کے برف پوش پہاڑوں کی کسی بلند چوٹی کے گلیشیئر پر چھوڑ دیا جائے۔

تاہم، جب سونیا گاندھی نوے کی دہائی اور اس کے بعد کے کشمیر کا ذکر کرتی ہیں تو تحریر کا لہجہ بدل جاتا ہے۔ 2003 میں سری نگر میں کانگریس کے وزرائے اعلیٰ کے اجلاس کے دوران انہوں نے نادی مرگ کا دورہ کیا جہاں چند ماہ قبل 24 کشمیری پنڈتوں کا قتل عام ہوا تھا۔ وہ آزادی کی تحریک اور اس کے جواب میں ہندوستانی ریاست کی سخت گیر سکیورٹی کارروائیوں کا ذکر کرتی ہیں جنہوں نے وادی کی فضا کو مزید گھٹن زدہ بنا دیا۔

وہ 2000 میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن سے اپنی ملاقات کا احوال بھی لکھتی ہیں، جب کلنٹن نے کشمیر کو ”نیوکلیئر فلیش پوائنٹ“ اور ”دنیا کے خطرناک ترین مقامات میں سے ایک“ قرار دیا تھا۔

ہندوستان-پاکستان تعلقات کے باب میں سونیا گاندھی نے 1989 کے دورہ اسلام آباد کا ایک ایسا حیران کن واقعہ بیان کیا ہے جو پاکستان میں سول-ملٹری تعلقات کی پیچیدگیوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ 1988 میں جنرل ضیاء الحق کی آمریت کے خاتمے کے بعد بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنی تھیں اور 1960 میں جواہر لال نہرو کے بعد راجیو گاندھی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم تھے۔

سونیا لکھتی ہیں کہ بے نظیر بھٹو نے وزیر اعظم ہاؤس میں راجیو اور ان کے لیے ایک نجی عشائیے کا اہتمام کیا۔ ماحول غیر رسمی تھا، لیکن جیسے ہی گفتگو سیاسی معاملات کی طرف مڑتی، بے نظیر اٹھ کر پس منظر میں بجنے والی موسیقی کی آواز تیز کر دیتیں۔ سونیا نے اس اشارے کو فوراً سمجھ لیا کہ یہ ایک تنبیہ ہے کہ کوئی ان کی گفتگو سن رہا ہو سکتا ہے۔ وہ لکھتی ہیں؛

واضح طور پر نئی منتخب قیادت اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اعتماد کا فقدان تھا۔

سیاسی بداعتمادی کے برعکس، سونیا کی یادداشتوں میں عام پاکستانیوں کے لیے بے پناہ اپنائیت اور محبت ملتی ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ پاکستانی عوام نہایت ملنسار، متجسس اور ہندوستانی مہمانوں سے بات کرنے کے لیے بے تاب تھے۔ اسلام آباد کی کشادہ سڑکوں اور پارکوں کی سیر کے دوران انہوں نے پاکستانی خواتین کارکنوں سے ملاقات کی جنہوں نے سماجی مسائل پر کھل کر بات کی، جو سونیا کو ہندوستان خواتین کے مسائل سے مشابہ لگے۔

روایتی ملبوسات اور پارچہ جات کی ایک نمائش میں پاکستانی کپڑوں کے ڈیزائن اور بُنائی دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں کہ دونوں ملکوں کی تہذیب میں کتنی گہری مماثلت ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ اس دورے نے ان کے اس یقین کو پختہ کیا کہ ”اسلحے اور جنگوں کے بجائے دونوں طرف کے عوام کی فلاح کے لیے کتنا کچھ کیا جا سکتا ہے۔“

اسی کتاب میں سونیا گاندھی نے راجیو گاندھی کے دور کے ایک انتہائی شرمناک سفارتی واقعے یعنی سکریٹری خارجہ اے پی وینکٹیشورن کی سرِعام برطرفی کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں جنگ اخبار کے نمائندے عبدالوحید حسینی نے راجیو گاندھی سے مجوزہ دورہ پاکستان کے بارے میں پوچھا۔ راجیو نے اس کی تردید کی، لیکن جب صحافی نے کہا کہ آپ کے سکریٹری خارجہ وینکٹیشورن نے اسلام آباد میں اس دورے کی تصدیق کی ہے، تو راجیو نے برہم ہو کر کہا؛

آپ جلد ہی ایک نئے سکریٹری خارجہ سے بات کر رہے ہوں گے۔

 وینکٹیشورن اس وقت وہیں موجود تھے اور فوراً اٹھ کر استعفیٰ دے کر چلے گئے۔ سونیا لکھتی ہیں کہ اس واقعے پر راجیو کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور جب انہوں نے گھر پر راجیو سے اس بارے میں پوچھا تو راجیو نے ندامت سے کہا؛

جس لمحے میں نے وہ الفاظ کہے، مجھے احساس ہو گیا کہ میں نے سنگین غلطی کر دی ہے، کاش میں نے منہ نہ کھولا ہوتا!

کتاب میں 1971 کی جنگ اور مشرقی پاکستان کے بحران کا ذکر بھی ذاتی مشاہدات کے ساتھ ملتا ہے۔ جب اندرا گاندھی نے سونیا اور ننھے راہل کو حفاظت کے پیش نظر راشٹرپتی بھون منتقل ہونے کو کہا تو سونیا نے انکار کر دیا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہیں گی اور جو بھی ہوگا مل کر سامنا کریں گی۔

جنوری 1971 میں ہندوستان طیارے کے اغوا کے بعد بطور پائلٹ کام کرنے والے راجیو گاندھی کو بھی احتیاطاً کچھ عرصے کے لیے پروازوں سے روک دیا گیا تھا۔حال کے کئی برسوں میں خفیہ اداروں کے کئی  سابق افسران نے اعترا ف کیا ہے کہ اغوا کار تحریک کشمیر کے لبادہ میں ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورسز کا  ہی ایک رکن تھا۔

ہندوستان کے مسلمانوں اور فرقہ وارانہ سیاست کے حوالے سے سونیا گاندھی نے کئی اہم رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ وہ انکشاف کرتی ہیں کہ 1985 کے مشہور شاہ بانو کیس کے بعد جب راجیو گاندھی کی حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پلٹنے کے لیے قانون سازی کی، تو خود سونیا گاندھی نے گھر کے اندر اپنے شوہر سے بازپرس کی تھی۔ اخبارات میں ہونے والی تنقید پڑھ کر انہوں نے راجیو سے کہا؛

اخبارات آپ پر الزام لگا رہے ہیں کہ آپ مسلم خواتین کے مفادات کو قربان کر رہے ہیں۔

 راجیو نے جھنجھلا کر جواب دیا کہ کیا انہیں خواتین کے حقوق سے ان کی وابستگی کا علم نہیں؟ راجیو نے دلیل دی کہ وہ مسلم پرسنل لاء اور مذہبی آزادی کے آئینی تحفظ کو ٹھیس پہنچائے بغیر مطلقہ مسلم خواتین کو بہتر مالی تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم، سونیا گاندھی کی سیاست میں آنے کی سب سے بڑی وجہ دسمبر 1992 میں بابری مسجد کی شہادت اور ہندوتوا سیاست کا ابھار بنا۔ راجیو گاندھی کے قتل کے بعد وہ سیاست سے کوسوں دور رہنا چاہتی تھیں، جس نے ان کے شوہر اور ساس دونوں کی جان لے لی تھی۔ لیکن بابری مسجد کی شہادت اور 1996 میں کانگریس کی شکست نے انہیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا۔

وہ لکھتی ہیں کہ جب بھی وہ گھر میں اندرا اور راجیو کی تصویروں کے سامنے سے گزرتیں تو انہیں جرم کا احساس ستاتا تھا کہ ”میں کیسے آرام سے گھر بیٹھ کر ان کی قربانیوں اور کام کو رائیگاں جانے دوں؟“  بالآخر یہی احساس انہیں 1998 میں کانگریس کی صدارت قبول کرنے پر مجبور کر گیا۔ اگرچہ وہ فروری 1986 میں بابری مسجد کے تالے کھولے جانے کی عجلت پر سوال اٹھاتی ہیں، لیکن ان کا اصرار ہے کہ راجیو گاندھی بات چیت کے ذریعے مسجد کو نقصان پہنچائے بغیر مندر کی تعمیر کا حل چاہتے تھے۔

کتاب کا سب سے لرزہ خیز حصہ 2002 کے گجرات فسادات کا بیان ہے، جب نریندر مودی ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔ بطور قائد حزب اختلاف جب سونیا گاندھی کل جماعتی پارلیامانی وفد کے ہمراہ احمد آباد کے ایک ریلیف کیمپ پہنچیں، تو ایک بدحواس باپ اپنی صدمے سے نڈھال کمسن بیٹی کو گود میں اٹھائے ان کے سامنے آیا اور روتے ہوئے بتایا کہ فسادیوں نے اس کی بچی کے ساتھ بار بار اجتماعی زیادتی کی ہے۔ سونیا اس باپ کی التجا ان الفاظ میں نقل کرتی ہیں؛

 میں کیا کروں، کیا کروں؟ کچھ کرو، کچھ کرو۔

 سونیا لکھتی ہیں کہ وہ اس منظر سے اس قدر لرز گئیں کہ ہمدردی کے چند لفظوں کے سوا کچھ نہ بول سکیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ اس وقت وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے توقع تھی کہ وہ مودی کو برطرف کر دیں گے، لیکن بی جے پی کے اندرونی دباؤ نے انہیں روک دیا۔مگر سونیا گاندھی یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ آخر کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد جب کئی افراد نے وزیر اعلیٰ مودی کے خلاف کیس درج کرنے اور ان کے وطیرہ کو کو سینٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن کو تفتیش کے لیے دینے پر اصرار کیا، توانہوں نے اس کی جازت کیوں نہیں دی؟ اپنے سیاسی مشیر احمد پٹیل کے کہنے پر انہوں نے کہا کہ وہ مودی کا مقابلہ سیاسی میدان میں ہی کریں گے۔

سال2014 میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد کے برسوں پر تبصرہ کرتے ہوئے سونیا گاندھی انتہائی سخت لہجہ اختیار کرتی ہیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد مذہبی اقلیتوں اور دلتوں پر وحشیانہ حملوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور مجرم اکثر سزا سے بچ نکلتے ہیں۔

وہ حکومت پر سرکاری سرپرستی میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈا، سوشل میڈیا مہمات اور فلموں کے ذریعے خوف پھیلانے کا الزام عائد کرتی ہیں تاکہ بے روزگاری اور مہنگائی جیسے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ وہ لکھتی ہیں؛

پیغام بالکل واضح ہے؛ لوگوں کو خوف کے سائے میں رہنے دو۔

لیکن ایک صحافی اور اس کتاب کے باریک بین قاری کی حیثیت سے اس کتاب کا جائزہ لیتے ہوئے ایک انتہائی افسوسناک اور حیران کن پہلو کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں ہے۔ وہ ہے اس کتاب کی بدترین تدوین  اور تاریخی و حقائق پر مبنی فاش غلطیاں۔

یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ سونیا گاندھی جیسی قدآور شخصیت اور ایک بڑے عالمی اشاعتی ادارے کی جانب سے شائع ہونے والی اس کتاب میں ایسی ابتدائی اور بچگانہ غلطیاں کیسے رہ گئیں جو کسی بھی سنجیدہ قاری کو چونکا دیتی ہیں۔مثال کے طور پر، کتاب میں سونیا گاندھی کے سب سے قریبی معتمد اور برسوں تک ان کے سیاسی سکریٹری رہنے والے احمد پٹیل کی وفات کا سال 2022 لکھا گیا ہے، جبکہ ہر کوئی جانتا ہے کہ احمد پٹیل کووڈ-19 کے باعث 25 نومبر 2020 کو انتقال کر گئے تھے۔

اسی طرح باب 24 میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے قیام کا سال 1921 درج ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کے بی ہیڈگیوار نے 27 ستمبر 1925 کو ناگپور میں آر ایس ایس کی بنیاد رکھی تھی۔ باب 33 میں انا ہزارے کی انسداد بدعنوانی تحریک کا آغاز 2012 لکھا گیا ہے، حالانکہ جنتر منتر پر ان کی تاریخی بھوک ہڑتال اپریل 2011 میں ہوئی تھی۔

تاریخی واقعات اور شخصیات کے ناموں میں بھی ایسی ہی لاپرواہی برتی گئی ہے۔ 1994 میں نیلسن منڈیلا کی بطور صدر حلف برداری کی تقریب میں ہندوستان وفد کی قیادت اس وقت کے نائب صدر کے آر نارائنن نے کی تھی، لیکن کتاب میں انہیں معروف افسانہ نگار کے نام پر ”صدر آر کے نارائن“ لکھ دیا گیا ہے! اسی طرح منڈیلا کو بھارت رتن ملنے کا دورہ 1991 لکھا گیا ہے جو درحقیقت اکتوبر 1990 میں ہوا تھا۔ 1984 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی نشستوں کی تعداد ایک جگہ 405 اور دوسری جگہ 404 لکھی گئی ہے۔ 2014 کے انتخابات میں بی جے پی کی 282 نشستیں تو درست لکھی گئی ہیں، لیکن این ڈی اے اتحاد کی مجموعی نشستیں 353 بتائی گئی ہیں، حالانکہ 2014 میں این ڈی اے نے 336 نشستیں جیتی تھیں اور 353 اس کا 2019 کا اسکور تھا۔

ہندوستان کے پارلیامانی نظام کی تشریح کرتے ہوئے کتاب میں یہ عجیب و غریب دعویٰ کیا گیا ہے کہ لوک سبھا کے اراکین منتخب ہوتے ہیں جبکہ راجیہ سبھا کے اراکین نامزد  ہوتے ہیں۔ گویا مصنفہ یا ایڈیٹر کو یہ بھی علم نہیں کہ راجیہ سبھا کے 245 میں سے صرف 12 اراکین صدر نامزد کرتے ہیں، باقی سب ریاستی اسمبلیوں کے ذریعے بالواسطہ منتخب ہوتے ہیں۔ گجرات فسادات کا ذکر کرتے ہوئے احمد آباد کو گجرات کا دارالحکومت لکھا گیا ہے، حالانکہ 1970 سے گاندھی نگر ریاست کا دارالحکومت ہے۔

گودھرا ٹرین آتشزدگی میں سابرمتی ایکسپریس کے چار ڈبے جلنے کا ذکر ہے جبکہ صرف ایک ڈبہ ایس6 جلا تھا۔1988 میں راجیو گاندھی کے دورہ چین کے وقت ڈینگ ژیاؤپنگ کو چین کا صدر لکھ دیا گیا جبکہ اس وقت چین کے صدر یانگ شانگکن تھے۔ حتیٰ کہ خان عبدالغفار خان سرحدی گاندھی کے جنازے میں شرکت کے لیے پشاور جانے کا واقعہ 1989 کے دورہ اسلام آباد کے ایک ماہ بعد کا بتایا گیا ہے، حالانکہ بادشاہ خان کا انتقال جنوری 1988 میں ہوا تھا۔

کرگل جنگ کے دورانیے کو دس ماہ لکھنا، 1999 میں واجپائی حکومت کے اعتماد کا ووٹ ہارنے کو تحریک عدم اعتماد قرار دینا، اور 2023 میں راہل گاندھی کے ہتک عزت مقدمے میں سورت کی ماتحت عدالت اور گجرات ہائی کورٹ کے فیصلوں کو آپس میں گڈمڈ کر دینا اس کتاب کی تدوینی کمزوریوں کی طویل فہرست کا حصہ ہیں۔

مجموعی طور پر سونیا گاندھی کی یہ کتاب ایک ایسی عورت کی داستان ہے جو اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے سے نکل کر ہندوستان کے سب سے طاقتور سیاسی خاندان کی بہو بنی، جس نے اپنوں کے لاشے اٹھائے، تہذیب و ثقافت کے رنگوں میں خود کو ڈھالا، اور بادل ناخواستہ سیاست کے خارزار میں قدم رکھ کر تاریخ کا رخ موڑنے کی کوشش کی۔

 یہ کتاب جذباتی سچائی، خاندانی گرم جوشی اور سیکولر ہندوستان کے لیے ان کے درد کو تو بڑی خوبصورتی سے بیان کرتی ہے، لیکن تاریخ کے طالبعلموں اور دہلی کے سیاسی گلیاروں کی خاک چھاننے والے صحافیوں کے لیے اس میں تشنگی بھی بہت ہے اور حقائق کی لغزشیں بھی ہیں۔

کاش کہ ایک ایسے دور میں جب تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام خود حکمرانوں پر لگایا جا رہا ہے، خود اپوزیشن کی سب سے بڑی رہنما کی کتاب تاریخی حقائق کے معاملے میں اس قدر بے احتیاطی کا شکار نہ ہوئی ہوتی۔

کاش سونیا گاندھی فرزند کے کیریر کو منزل بنانے کے بجائے اپنے لبرل اور امن پسند اقدار کی پاسداری کرکے پاکستان کے ساتھ امن مساعی میں منموہن سنگھ کی پشت پناہی  اور حوصلہ افزائی کرتی،تو شاید جنوبی ایشیا کی تاریخ مختلف ہوتی۔

مگر یہ کہنا شاید غلط نہ ہوگا کہ راہل گاندھی کی حالیہ کاوشوں سے لگتا ہے کہ اس کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ اس کی دادی کی سینٹرسٹ سیاست کے بجائے کانگریس کو سونیا گاندھی کی سیاست ہی منجدھار سے نکال سکتی ہے۔

یعنی کانگریس میں سونیا گاندھی کے لبرل اقدار کی واپسی ہو رہی ہے۔ جس کا محور سیکولرازم، آئینی تکثیریت اور اکثریت پسندی کے مقابلے میں مذہبی و سماجی اقلیتوں کے مساوی حقوق کا تحفظ ہے۔ یہ اقدار جمہوری اداروں کی مضبوطی، اختلافِ رائے کی آزادی، اور شمولیتی ترقی و شہری آزادیوں کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کی سرپرستی میں بننے والے فلاحی قوانین پر زور دیتی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ