’درد، صدمہ اور بے یقینی‘: دو مجرموں کی سزاپر روک لگائے جانے پر بلقیس بانو نے کہا

BILKIS BANO e1794892651326


بلقیس بانو۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

گجرات فسادات کے دوران گینگ ریپ اور قتل کے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا پر روک لگانے اور ضمانت دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بلقیس بانو نے کہا کہ مجھے اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ ایک بار پھر سپریم کورٹ نے مجھے بلائے یا میری بات سنے بغیر ہی فیصلہ سنا  دیا۔ معزز عدالت ان لوگوں کی سزا پر کیسےروک لگا سکتی ہے جنہوں نے میرے ساتھ ایسا کیا؟

نئی دہلی: بلقیس بانو نے کہا ہے کہ وہ اس بات سے ’درد، صدمے اور بے یقینی‘ کی کیفیت میں ہیں کہ سپریم کورٹ نے گجرات دنگوں کے دوران ان کے ساتھ گینگ ریپ کرنے اور ان کے اہل خانہ کو قتل کرنے کے جرم میں سزا یافتہ 11 لوگوں  میں سے دو کی عمر قید کی سزا پر روک لگا دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پہلے نہ تو انہیں اس کی جانکاری دی گئی اور نہ ہی اپنی بات رکھنے کا کوئی موقع دیا گیا۔

سوموار  (16 نومبر) کو سینئر وکیل شوبھا گپتا کے توسط سے جاری ایک بیان میں 43 سالہ بلقیس بانو نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کریں گی۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کرتے ہوئے بپن چند کنہیا لال جوشی اور پردیپ رمن لال موڈھیا کی سزا پر روک لگا دی اور انہیں ضمانت دے دی۔ بامبے ہائی کورٹ نے ان دونوں کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی تھی۔

بلقیس بانو نے اپنے بیان میں کہا،’درد، صدمے اور بے یقینی کے آنسوؤں کے درمیان میرے لیے بولنا بے حد مشکل ہو رہا ہے، اس کے باوجود میں یہ بیان دے رہی ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’مجھے اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ ایک بار پھر، دوسری بار سپریم کورٹ نے مجھے بلائے یا میری بات سنے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا۔ مجھے اس کے بارے میں  میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں سے پتہ چلا۔‘

حالاں کہ سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ تقریباً تین ہفتے قبل، 28 اکتوبر کو ہی سنا دیا تھا، لیکن اسے حال ہی میں عدالت کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا۔

بلقیس بانو نے 2002 کے فسادات کے دوران پیش آنے والے اس سانحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کے ساتھ گینگ ریپ کیا گیا اور ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے سات لوگوں کو قتل کر دیا گیا، اس وقت ان کی عمر 19 سال تھی اور وہ حاملہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سالوں کی جدوجہد کے دوران انہیں حوصلہ صرف اس لیے ملا کہ ’لاکھوں لوگوں نے میری حمایت کی اور میرے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔‘

انہوں نے کہا،’میں محض 19 سال کی ایک لڑکی تھی، جب میری پوری دنیا، میری ننھی سی بیٹی، میرا خاندان، میرا گھر اور انسانیت پر میرا بھروسہ بے رحمی سے مجھ سے چھین لیا گیا۔ اس دن کے بعد سے بیتے 24 سالوں میں، میں نے بار بار انصاف کے لیے جدوجہد کی ہے۔ اپنے لیے بھی اور دنیا بھر کی خواتین کے لیے بھی۔ ان 24 سالوں کے دوران میں نے باربار اپنے اندر اس حوصلے کو تلاش کیا اور پایا، جس کے بارے میں مجھے خود بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ مجھ میں موجود ہے۔ یہ سب صرف اس لیے ممکن ہو سکا کہ لاکھوں لوگوں نے میری حمایت کی اور میرے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔‘

انہوں نے کہا،’لیکن آج مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ جس انصاف کے حصول کے لیے میں نے اتنی لمبی اور مشکل لڑائی لڑی، اسے میں پھرسے کھو رہی ہوں۔ مجھے ایک بار پھر عدالتی نظام سے اپنا بھروسہ اٹھ جانے کا ڈر ستا رہا ہے۔ معزز سپریم کورٹ ان لوگوں کی سزا کیسے معطل کر سکتی ہے جنہوں نے میرے ساتھ ایسا کیا؟ عدالت نے مجھے اس کی اطلاع تک کیوں نہیں دی؟ اس نے یہ یقینی کیوں نہیں بنایا کہ ان کے عدالت میں میری بات  بھی سنی جائے؟ ‘

بلقیس بانو نے کہا، ’میں اس فیصلے کے خلاف لڑوں گی۔ مجھے لڑنا ہی ہوگا۔ میں یہ لڑائی اپنے بچوں کے لیے لڑ رہی ہوں، جو اس بات کے حقدار نہیں ہیں کہ انہیں اپنی پوری زندگی ان خوفناک یادوں اور زخموں کے سائے میں گزارنی پڑے۔ میں یہ لڑائی اپنی تین سالہ بیٹی کے لیے لڑ رہی ہوں، جسے جینے کا حق تھا اور جس کی یادیں انصاف مانگتی ہیں۔‘

انہوں نے کہا،’میں یہ لڑائی دنیا بھر کی خواتین کے لیے لڑ رہی ہوں۔ کیونکہ کسی بھی خاتون، کسی بھی مظلوم  یا کسی بھی شہری کو اپنی شناخت، اپنے حقوق اور مساوات کے لیے اس نہ ختم ہونے والی آزمائش سے نہیں گزرنا چاہیے اور نہ ہی انصاف کے حصول کے لیے اپنی پوری زندگی جدوجہد کرتے ہوئے گزارنی چاہیے۔‘

معلوم ہو کہ جوشی اور موڈھیا سمیت 9 لوگوں کو گینگ ریپ اور قتل کے معاملے میں مجرم قرار دیا گیا تھا، لیکن 2022 میں گجرات حکومت کی جانب سے انہیں سزا میں چھوٹ (ریمیشن) کا اہل قرار دیے جانے کے بعد ان تمام 11 مجرموں کو رہا کر دیا گیا تھا۔ گجرات اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران لیے گئے اور مودی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے اس فیصلے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

دو سال بعد سپریم کورٹ نے ایک سخت حکم کے ذریعے ان کی سزا میں دی گئی چھوٹ کو رد کر دیا تھا۔

گزشتہ مہینے جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے کی بنچ نے کہا کہ جوشی اور موڈھیا 17 سال سے زیادہ عرصہ جیل میں گزار چکے ہیں اور ان میں سے ایک شدید جسمانی معذوری کا شکار ہے۔

بنچ نے کہا، ’یقینی طور پر اپیل میں حقائق اور قانون، دونوں سے متعلق ایسے معاملے ہیں جن پر فیصلہ کیا جانا ابھی باقی ہے۔‘ اس کے بعد عدالت نے دونوں کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ