خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں 5 ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ آزادانہ اور مؤثر انداز میں امن و امان کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔
مردان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے مشیر اطلاعات نے کہا کہ صوبے میں ہنگامی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ حکومت دیگر عوامی اور انتظامی امور بھی بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ہمارے ٹیم لیڈر اور گورنر خیبر پختونخوا وضاحت پیش کریں گے، سابقہ دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ایسا گھر ملا ہے جسے چور پہلے ہی صاف کر چکے ہیں، تاہم صوبے کے اداروں کو مستحکم بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) میں 19 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے پر جلد مقدمہ درج کیا جائے گا، جس میں سابق وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کے افراد بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے مبینہ طور پر ہوا میں 9 ارب روپے جاری کئے تھے، جبکہ سابق دورِ حکومت کی تمام متعلقہ سکیموں اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے تمام ٹھیکوں کو منسوخ کر کے سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے مشیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں صحت کا نظام شدید بدانتظامی کا شکار رہا اور ایک شخص سات سمندر پار بیٹھ کر صوبے کا نظام چلا رہا تھا۔ تاہم موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری اور اصلاحات کیلئے ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترامیم لا رہی ہے۔
انہوں نے آزاد اور ذمہ دار صحافت کو جمہوری معاشرے کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے مردان پریس کلب کیلئے 22 لاکھ روپے کی مالی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔
ثمر ہارون بلور نے مردان میں ریڈیو براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی تقریبِ حلف برداری میں بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر گورنر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ریڈیو براڈ کاسٹرز کی خدمات اور کاوشیں انتہائی قابلِ تحسین ہیں اور جدید زرائع ابلاغ کی موجودگی کے باوجود ریڈیو کی اہمیت و افادیت آج بھی برقرار ہے۔ ریڈیو آج بھی عوام تک بروقت اور مستند معلومات پہنچانے کا ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد زریعہ ہے، جو خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور عوامی آگاہی مہمات میں ریڈیو کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ مقامی زبانوں، ثقافت اور علاقائی شناخت کے فروغ میں بھی اس کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ریڈیو براڈ کاسٹرز کی مشکلات اور درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے جائز مطالبات کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریڈیو براڈکاسٹرز کے بقایاجات کی جلد ادائیگی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے اور آئندہ بروقت اور باقاعدہ ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ ریڈیو براڈکاسٹرز کے موجودہ فیس سٹرکچر پر نظرثانی کیلئے بھی کام کیا جائے گا۔ گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر ثمر ہارون بلور نے ریسکیو 1122 مردان کے ریجنل دفتر کا دورہ بھی کیا۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر میر عالم خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت نے ان کا استقبال کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے مشیر گورنر کو سلامی پیش کی۔
ثمر ہارون بلور نے فائر، ڈیزاسٹر اور واٹر ریسکیو سروسز کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ انہیں ریسکیو 1122 کے جدید آلات، استعدادِ کار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر میر عالم خان نے مردان ریجن کی مجموعی کارکردگی اور مختلف اضلاع میں فراہم کی جانے والی ایمرجنسی سروسز پر بریفنگ دی۔

