یومِ دفاع و شہداء: افواجِ پاکستان کا شہداء اور اُن کے خاندانوں کو خراجِ عقیدت

FB IMG 1757116990500



اسلام آباد (فائزہ یونس نمائندہ خصوصی)
افواجِ پاکستان نے یومِ دفاع و شہداء کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر مادرِ وطن کے جانثار شہداء اور اُن کے عظیم خاندانوں کو خراجِ عقیدت اور گہری احترام پیش کیا ہے۔چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ ۶ ستمبر ۱۹۶۵ پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جب پاکستانی قوم نے ناقابلِ شکست عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ ہمارے بہادر سپاہیوں نے پوری قوم کی پشت پناہی کے ساتھ دشمن کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا اور ایک ایسی دیوارِ استقامت قائم کی جس نے دشمن کے منصوبے خاک میں ملا دیے۔پیغام میں کہا گیا کہ ہمارے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیاں تا قیامت زندہ رہیں گی اور آئندہ نسلوں کے لیے چراغِ راہ ثابت ہوں گی۔ پوری قوم ان جانثاروں اور اُن کے ثابت قدم خاندانوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور اندرونی خطرات کے خلاف ہم ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے اور ہر قسم کے خطرے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ پاک فوج ہر آزمائش اور قدرتی آفت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور حالیہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گی۔
آخر میں افواجِ پاکستان نے دعا کی کہ اللہ رب العزت پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور طاقت سے نوازے۔
پاک افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد

متعلقہ پوسٹ