اسلام آباد: پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے انڈونیشیا کے صدر ہز ایکسی لینسی پرابوو سبیانتو کا نور خان ایئربیس آمد پر شاندار استقبال کیا۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور مصافحہ کرتے ہوئے خوش آمدیدی کلمات ادا کیے۔
انڈونیشین صدر کی پاکستان آمد کے موقع پر فضائی بیس پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں قومی ترانہ بجایا گیا اور معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایئربیس پر اعلیٰ حکومتی شخصیات، سفارتی نمائندگان اور مسلح افواج کے افسران بھی موجود تھے۔
انڈونیشیا کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی، اقتصادی تعاون اور علاقائی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، زرعی تعاون، اور عوامی روابط بڑھانے سے متعلق اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر پیش رفت متوقع ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور شراکت داری کے نئے امکانات پیدا کرے گا اور پاکستان—انڈونیشیا تعلقات کو نئی سمت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔


