عمران خان کی بینائی سے متعلق وضاحت، ایک آنکھ 6/6، دوسری عینک کے ساتھ 70 فیصد: وزیر قانون

0ff85ca3dbf983b5d486be1fee5a33b8 L


وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی عینک لگانے کے بعد 70 فیصد ہے۔

شیخوپورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ طبی ٹیم نے عمران خان کے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اپوزیشن رہنماؤں سمیت ان کے ذاتی معالجین کو بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کیا، جس کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے 16 فروری تک تفصیلی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی بینائی 15 فیصد تک رہ گئی ہے، تاہم وزیر قانون نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے موجودہ طبی تفصیلات پیش کیں۔

تقریب سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر قانون نے موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرے، بصورت دیگر وفاق آئینی اختیار استعمال کرنے پر مجبور ہوگا۔

 


install suchtv android app on google app store



Source link

متعلقہ پوسٹ