پی آئی اے کا سات دہائیوں پرانا تعلق 6 سال بعد دوبارہ بحال

پی آئی اے فلائٹ.webp


پی آئی اے کا سات دہائیوں پرانا تعلق 6 سال بعد دوبارہ بحال

اس روٹ کے ساتھ قومی ایئرلائن کا 71 سال پرانا تاریخی تعلق دوبارہ بحال ہو گیا ہے

طویل تعطل کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے لندن کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ بحال کر دیں، جس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں میں نئی جان پڑ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چھ سال کے وقفے کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز PK-785، 325 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر سیکریٹری دفاع محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پرواز کو الوداع کیا۔

افتتاحی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے کیک کاٹا گیا جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب مسافر کو 660 سی سی گاڑی انعام میں دی گئی، اس کے علاوہ دیگر مسافروں میں بھی تحائف تقسیم کیے گئے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والی سادہ مگر پروقار تقریب میں پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب اور ہوا بازی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے کہا کہ اس روٹ کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ حکام کے مطابق 30 مارچ سے لاہور سے بھی لندن کے لیے ہفتہ وار پرواز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے پاکستان اور لندن کے درمیان چار ہفتہ وار پروازیں چلائے گی، جن میں تین اسلام آباد اور ایک لاہور سے روانہ ہوگی۔

یاد رہے کہ لندن پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی منزل تھی اور اس روٹ کے ساتھ قومی ایئرلائن کا 71 سال پرانا تاریخی تعلق دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ