مکہ مکرمہ — میدانِ عرفات میں مسجد نمرہ سے امام مسجدِ نبویؐ شیخ علی عبدالرحمان الحذیفی نے خطبہ حج ارشاد فرمایا جس میں انہوں نے عالمِ اسلام کو توحید، تقویٰ اور صبر کا پیغام دیا۔
خطبے میں شیخ الحذیفی نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنا اور تقویٰ اختیار کرنا اہلِ ایمان کی بنیادی شان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اللہ کے سوا کسی غیر کی عبادت جائز نہیں اور عہد کی پاسداری ہر مسلمان پر لازم ہے۔
امام نے کہا کہ آخرت کی تیاری کا سب سے اہم عمل توحید اور اللہ کی خالص عبادت اختیار کرنا ہے، اور اہلِ ایمان کا یہ خاصہ ہے کہ وہ ہمیشہ توحید پر قائم رہتے ہیں۔ جب ان کے سامنے اللہ کی آیات پیش کی جاتی ہیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔
خطبے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول اور خاتم النبیین ہیں۔ اختتام پر امام نے امتِ مسلمہ کو نصیحت کی کہ ہر مصیبت اور آزمائش میں صبر کا دامن تھامے رکھنا چاہیے۔

