ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے مطابق امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی افواج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی کا دعویٰ ہے کہ کویت کے احمد الجابر ایئربیس پر نصب ابتدائی انتباہی ریڈار، میزائل دفاعی ریڈار، ایف پی ایس-117 ریڈار، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور سیٹیلائٹ مواصلاتی نظام تباہ کر دیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کارروائیوں کا مقصد خطے میں ریڈار کوریج ختم کرنا تھا تاکہ مستقبل کے میزائل و ڈرون حملوں کی راہ ہموار ہو۔ ایرانی فوج کے مطابق کامی کازی ڈرونز کے ذریعے کیمپ عریفجان، کیمپ العدیری اور احمد الجابر ایئربیس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
کویتی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ دوسری جانب آئی آر جی سی نے بحرین کے محرق اور الرفاع علاقوں میں امریکی ریڈار اور پیٹریاٹ نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔
ایران کے اندر بھی نئے امریکی حملوں کے بعد متعدد شہروں سے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں — بندر عباس، جزیرۂ قشم، سیریک، شیراز، چابہار، کنارک اور اصفہان میں دھماکے رپورٹ ہوئے، جبکہ بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب فضائی دفاعی نظام متحرک ہونے کی آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں خطے میں امن بحال کرنے کی کوشش ہیں۔

