آزاد کشمیر انتخابات: باغ کے 2 حلقوں پر ری پولنگ کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔
آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے دو حلقوں کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوئی جس کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا۔
آزاد کشمیر میں ری پولنگ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 جب کہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ہوئی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔
ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 7 ہزار 4 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جب کہ ایل اے 15 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد 5 ہزار تھی۔ اس کے علاوہ ری پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ
ایل اے 15باغ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے ضیاء القمر 17 ہزار 507 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 327 ووٹ لے سکے۔
ایل اے 16باغ پر ن لیگ کے سردار میر اکبر 20 ہزار 783 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ پیپلزپارٹی کے قمرالزمان نے 16 ہزار 964 ووٹ حاصل کیے۔
واضح رہے کہ دونوں حلقوں میں 10 اگست کو انتخابی عملہ پولنگ اسٹیشنز پر نہ پہنچنے اور کشیدہ صورتحال کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔

