تعلیم کسی بھی قوم کی معاشی ترقی، سائنسی جدت، سماجی استحکام اور عالمی مسابقت کی بنیاد ہوتی ہے۔ اکیسویں صدی میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے اپنے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ (سیکنڈری و ہائر سیکنڈری) تعلیمی نظام میں ایسی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن کا مقصد صرف امتحان میں کامیابی نہیں بلکہ طلبہ میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، تحقیق، مسئلہ حل کرنے کی مہارت، ابلاغ، قیادت اور عملی زندگی کے لیے درکار قابلیت پیدا کرنا ہے۔
اس کے برعکس پاکستان کا موجودہ پرائمری، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ نظام اگرچہ لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم فراہم کر رہا ہے، تاہم اس میں کئی ایسی کمزوریاں موجود ہیں جو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم اور جدید روزگار کے تقاضوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
فن لینڈ، سنگاپور، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور امریکہ جیسے ممالک میں تدریس کا بنیادی مقصد صرف نصاب مکمل کرنا نہیں بلکہ طالب علم کی شخصیت کی ہمہ جہت تعمیر ہے۔ ان ممالک میں استاد معلومات کا واحد ذریعہ نہیں بلکہ رہنما (Facilitator) کا کردار ادا کرتا ہے۔ یونیسکو کی سال 2021 کی رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں کلاس روم میں سوال و جواب، مباحثہ، گروہی سرگرمیاں، تحقیقی منصوبے، عملی تجربات، لیبارٹری ورک، کیس اسٹڈیز، مصنوعی ذہانت پر مبنی تدریسی وسائل، ڈیجیٹل لرننگ اور بین الشعبہ جاتی تعلیم کو نصاب کا لازمی حصہ بنایا جاتا ہے۔
اسی طرح ان ممالک میں امتحانی نظام بھی محض سالانہ تحریری پرچوں تک محدود نہیں ہوتا۔ ترقی یافتہ ممالک میں طلبہ کی سال بھر کی تعلیمی کارکردگی، تحقیقی اسائنمنٹس، پریزنٹیشنز، عملی امتحانات، لیبارٹری رپورٹس، پراجیکٹس، کلاس روم میں شرکت اور پورٹ فولیو کو مجموعی نتائج میں شامل کیا جاتا ہے۔ اس نظام سے طلبہ صرف معلومات یاد نہیں کرتے بلکہ انہیں عملی طور پر استعمال کرنا بھی سیکھتے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کا پروگرام (PISA) بین الاقوامی طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتا ہے، اس کی رپورٹ واضح کرتی ہے کہ کامیاب تعلیمی نظام وہ ہیں جو طلبہ میں تجزیاتی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور حقیقی مسائل کے حل کی قابلیت پیدا کرتے ہیں۔ (2023 OECD )۔
پاکستان میں پرائمری، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کا نظام اب بھی بڑی حد تک رٹّے اور سالانہ امتحان پر مبنی ہے۔ بیشتر تعلیمی اداروں میں تدریس کا محور امتحانی تیاری، گیس پیپرز، اہم سوالات اور زیادہ نمبر حاصل کرنا بن جاتا ہے۔ نتیجتاً طلبہ میں آزادانہ تحقیق، سائنسی تجزیہ، تنقیدی سوچ، تخلیقی تحریر، ابلاغ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت مطلوبہ سطح تک فروغ نہیں پاتی۔ ورلڈ بینک کے مطابق مستقبل کی معیشت میں کامیابی کے لیے صرف معلومات کافی نہیں بلکہ اعلیٰ سطح کی علمی اور عملی مہارتیں ناگزیر ہیں۔
پاکستان کے ابتدائی تعلیمی نظام کا جائزہ لیا جائے تو کئی بنیادی مسائل سامنے آتے ہیں۔ سب سے بڑی کمزوری رٹہ سسٹم ہے، جہاں طلبہ کو سمجھنے کے بجائے صرف یاد کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ امتحانات میں بھی زیادہ تر سوالات کتابی مواد دہرانے پر مبنی ہوتے ہیں، جس سے تنقیدی سوچ، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتیں فروغ نہیں پاتیں۔ اس کے علاوہ مختلف تعلیمی بورڈز، نجی و سرکاری سکولوں اور مختلف نصابی نظاموں کی موجودگی تعلیمی عدم مساوات کو بڑھاتی ہے۔
پاکستان کے بہت سے سرکاری سکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ متعدد سکولوں میں لائبریری، سائنس لیبارٹری، کمپیوٹر لیب، صاف پانی، بجلی، فرنیچر اور انٹرنیٹ کی سہولت تک موجود نہیں۔ دیہی علاقوں میں اساتذہ کی کمی، غیر حاضری اور جدید تدریسی تربیت کا فقدان بھی تعلیمی معیار کو متاثر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ اکثر نصاب جدید سائنسی، تکنیکی اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں، جس کی وجہ سے طلبہ عالمی مقابلے میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ پاکستان میں امتحانی نظام بھی اصلاحات کا متقاضی ہے۔ ایک یا دو سالانہ امتحانات پر پوری تعلیمی کارکردگی کا انحصار بچوں میں غیر ضروری ذہنی دباؤ پیدا کرتا ہے۔ سوالات کا انداز بھی زیادہ تر یادداشت پر مبنی ہوتا ہے، جبکہ عملی مہارت، تحقیق، مسئلہ حل کرنے، پریزنٹیشن، پراجیکٹس اور ٹیم ورک کو مناسب اہمیت نہیں دی جاتی۔ نتیجتاً طلبہ اچھے نمبر تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن عملی زندگی میں مطلوبہ مہارتیں پیدا نہیں ہوتیں۔
ان مسائل کے حل کے لیے جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔ سب سے پہلے پرائمری نصاب کو عالمی معیار کے مطابق جدید بنایا جائے، جس میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل خواندگی، ماحولیاتی تعلیم، مالیاتی آگاہی، اخلاقی تعلیم، شہری ذمہ داری اور مسئلہ حل کرنے کی مہارتوں کو شامل کیا جائے۔ بچوں کو کتابی معلومات کے ساتھ عملی تجربات، سائنسی مشاہدات، تجربہ گاہی سرگرمیوں، تعلیمی دوروں اور کھیلوں کے ذریعے سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کو قومی ترجیح بنایا جائے۔ ہر استاد کو جدید تدریسی طریقوں، تعلیمی ٹیکنالوجی، بچوں کی نفسیات، جامع تعلیم (Education Inclusive )، مصنوعی ذہانت کے استعمال اور مسلسل تشخیص کے اصولوں کی باقاعدہ تربیت دی جائے۔ بہترین گریجویٹس کو تدریس کے شعبے کی طرف راغب کرنے کے لیے مناسب تنخواہیں، پیشہ ورانہ ترقی اور سماجی احترام بھی ضروری ہے۔ امتحانی نظام میں بنیادی اصلاحات کی جائیں۔
سالانہ امتحانات کے ساتھ مسلسل تشخیص، کلاس روم اسیسمنٹ، پراجیکٹس، پورٹ فولیو، زبانی پریزنٹیشن، گروپ سرگرمیوں اور عملی کام کو مجموعی کارکردگی کا حصہ بنایا جائے۔ اس سے بچوں کی مختلف صلاحیتوں کا زیادہ مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے گا۔ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہر سرکاری سکول میں کمپیوٹر لیب، انٹرنیٹ، ڈیجیٹل مواد، لائبریری اور جدید تدریسی وسائل فراہم کیے جائیں۔ دیہی اور پسماندہ علاقوں کو خصوصی ترجیح دی جائے تاکہ تعلیمی عدم مساوات کم ہو۔ اس کے ساتھ والدین، مقامی کمیونٹی، نجی شعبے اور جامعات کو بھی سکولوں کی بہتری کے عمل میں شریک کیا جائے۔ حکومت کو تعلیم پر قومی آمدنی کا زیادہ حصہ مختص کرنا چاہیے، کیونکہ ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کو خرچ نہیں بلکہ سرمایہ کاری سمجھا ہے۔ شفاف نگرانی، ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی، نصاب کا باقاعدہ جائزہ اور اساتذہ کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی سے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
وطن عزیز کے سرکاری تعلیمی اداروں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ بہت سے اسکولوں اور کالجوں میں جدید لیبارٹریوں، ڈیجیٹل کلاس رومز، تحقیقی ماحول، تربیت یافتہ اساتذہ اور مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع محدود ہیں۔ بعض جگہوں پر عملی امتحانات بھی رسمی کارروائی بن کر رہ جاتے ہیں، جبکہ تحقیق، اختراع اور عملی تجربات کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی جاتی۔ اس کے نتیجے میں طلبہ یونیورسٹی کی سطح پر تحقیقی کام، سائنسی تحریر اور تنقیدی تجزیے میں مشکلات محسوس کرتے ہیں۔
اس کے باوجود پاکستان میں بعض نجی تعلیمی اداروں نے جدید تدریسی رجحانات کو اپنانے کی قابلِ ذکر کوشش کی ہے۔ چند بڑے نجی تعلیمی مراکز کو عمومی طور پر ایسے اداروں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں تعلیم کے ساتھ مباحثوں، تقریری مقابلے، سائنسی نمائشیں، روبوٹکس، ہم نصابی سرگرمیاں، کمیونٹی سروس، قائدانہ تربیت اور مؤثر ابلاغ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ یہ ادارے قومی نصاب کے ساتھ بین الاقوامی پروگرام بھی پیش کرتے ہیں، جس سے طلبہ کو عالمی معیار کے تدریسی ماحول سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔جدید تعلیم کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی ادارے پرائمری، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی سطح پر منظم تدریس، تصوراتی تعلیم، باقاعدہ تشخیصی ٹیسٹ، انفرادی تعلیمی رہنمائی، والدین سے مسلسل رابطے اور امتحانی تیاری کے منظم نظام کے ذریعے اپنی الگ شناخت قائم کرتے ہیں۔ یہ ادارے طلبہ کی کمزوریوں کی بروقت نشاندہی، مسلسل فیڈ بیک اور مرحلہ وار تعلیمی منصوبہ بندی پر توجہ دیتے ہیں تاکہ طالب علم محض امتحان پاس نہ کرے بلکہ متعلقہ مضمون کو بہتر طور پر سمجھ بھی سکے۔ ان تعلیمی اداروں نے مجموعی طور پر ٹیکنالوجی، تحقیقی سرگرمیوں، STEM تعلیم، قائدانہ تربیت اور ہم نصابی پروگراموں کو فروغ دیا ہے۔
پاکستان کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کے لیے ضروری ہے کہ نصاب کو معلومات کے بوجھ کے بجائے مہارتوں پر مبنی بنایا جائے۔ امتحانی بورڈز کو تجزیاتی، اطلاقی اور مسئلہ حل کرنے والے سوالات کا تناسب بڑھانا چاہیے۔ یونیسکو کی سفارشات کے مطابق تعلیمی نظام میں تحقیقی منصوبوں، لیبارٹری ورک، پریزنٹیشنز، گروپ ورک، کمیونٹی سروس اور مسلسل تشخیص کو امتحانی نتائج کا بامعنی حصہ بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال، جدید لیبارٹریوں کی فراہمی اور صنعت و جامعات کے ساتھ مؤثر روابط بھی ناگزیر ہیں۔ تعلیمی اصلاحات کا مقصد صرف چند ممتاز نجی اداروں کی کامیابی نہیں ہونا چاہیے بلکہ سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو بھی وہی معیاری تدریسی ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جو عالمی معیار کے تعلیمی اداروں میں دستیاب ہے۔ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور قومی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب معیاری تعلیمی مواقع معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں۔
پاکستان نوجوان آبادی کے اعتبار سے خوش قسمت ممالک میں شامل ہے۔ اگر تدریسی اور امتحانی نظام کو رٹّے سے نکال کر تحقیق، تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، عملی مہارت، اختراع اور جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کر دیا جائے تو یہی نوجوان مستقبل میں سائنس، ٹیکنالوجی، صنعت، کاروبار اور قومی ترقی کے حقیقی معمار ثابت ہو سکتے ہیں۔ آج کی دنیا میں کامیابی صرف معلومات رکھنے والوں کو نہیں بلکہ ان افراد کو حاصل ہوتی ہے جو معلومات کا تجزیہ کریں اور نئے خیالات پیدا کریں۔
دنیا کے بہترین پرائمری تعلیمی نظاموں پر ایک نظر
کسی بھی قوم کی ترقی کا حقیقی آغاز اس کے پرائمری تعلیمی نظام سے ہوتا ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں بچوں کی شخصیت، سوچنے کا انداز، اخلاقی اقدار، تجسس، تخلیقی صلاحیت، سائنسی فکر اور معاشرتی رویے تشکیل پاتے ہیں۔ اگر ابتدائی تعلیم مضبوط ہو تو ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کی بنیاد بھی مستحکم ہوتی ہے، جبکہ کمزور بنیاد پوری تعلیمی عمارت کو متاثر کرتی ہے۔ آج دنیا کے وہ ممالک جو تعلیم، معیشت، سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع میں نمایاں ہیں، ان کی کامیابی کے پیچھے ایک مؤثر، معیاری اور جدید پرائمری تعلیمی نظام موجود ہے۔ فن لینڈ، سنگاپور، جاپان، جنوبی کوریا، ایسٹونیا، کینیڈا، جرمنی اور برطانیہ ایسے ممالک ہیں جنہوں نے تعلیم کو قومی ترقی کا بنیادی ستون بنایا اور اسی وجہ سے ان کے طلبہ عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ دنیا کے بہترین تعلیمی نظاموں کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ وہ بچوں کو صرف امتحانات کے لیے تیار نہیں کرتے بلکہ انہیں زندگی کے مسائل حل کرنے، تخلیقی انداز میں سوچنے، مؤثر ابلاغ، ٹیم ورک اور ذمہ دار شہری بننے کی تربیت دیتے ہیں۔ ان ممالک میں نصاب کو وقتاً فوقتاً جدید تقاضوں کے مطابق تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ طلبہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی، عالمی شہریت اور کاروباری مہارتوں جیسے نئے شعبوں سے واقف ہو سکیں۔
فن لینڈ کا تعلیمی نظام دنیا میں مثالی سمجھا جاتا ہے۔ یہاں بچوں پر ابتدائی جماعتوں میں امتحانات کا دباؤ نہیں ڈالا جاتا۔ نصاب میں زبان، ریاضی، سائنس، فنون، موسیقی، کھیل، ماحولیات، اخلاقیات اور عملی زندگی کی مہارتوں کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے۔ اساتذہ بچوں کو سوال پوچھنے، تحقیق کرنے، تجربات کرنے اور اجتماعی طور پر مسائل حل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ یہاں روایتی سالانہ امتحانات کی بجائے مسلسل جائزہ (Assessment Continuous )، اسائنمنٹس، کلاس روم مشاہدہ اور انفرادی فیڈبیک کو ترجیح دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فن لینڈ کے طلبہ ذہنی دباؤ سے نسبتاً محفوظ رہتے ہیں اور سیکھنے کو خوشگوار تجربہ سمجھتے ہیں۔
سنگاپور نے محدود قدرتی وسائل کے باوجود تعلیم کے ذریعے خود کو عالمی معیشت کی صفِ اول میں پہنچایا۔ اس کا نصاب ریاضی، سائنس، انگریزی، مادری زبان، ڈیجیٹل مہارت، تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے اور کردار سازی پر مشتمل ہے۔ اساتذہ لیکچر دینے کے بجائے بچوں کو عملی سرگرمیوں، گروپ ورک، تحقیق اور مباحثے کے ذریعے سکھاتے ہیں۔ امتحانات اگرچہ موجود ہیں لیکن ان کے ساتھ کلاس روم اسیسمنٹ، پراجیکٹس، پریزنٹیشنز اور عملی سرگرمیوں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ طالب علم صرف یاد کرنے والا نہیں بلکہ سمجھنے والا بنے۔
جاپان کا تعلیمی نظام صرف کتابی علم تک محدود نہیں۔ یہاں ابتدائی جماعتوں میں بچوں کو صفائی کرنا، اجتماعی ذمہ داریاں نبھانا، دوسروں کا احترام کرنا، وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور معاشرتی اخلاقیات بھی سکھائی جاتی ہیں۔ طلبہ اپنی کلاسیں خود صاف کرتے ہیں، دوپہر کا کھانا مل کر تقسیم کرتے ہیں اور اجتماعی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ اساتذہ بچوں کی شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ امتحانات کے ساتھ ساتھ عملی رویے، حاضری، کلاس روم شرکت اور اخلاقی تربیت کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔
جنوبی کوریا نے جنگ کے بعد تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد بنایا۔ یہاں نصاب میں ریاضی، سائنس، ٹیکنالوجی، زبان، فنون، کوڈنگ اور تحقیق کو اہمیت دی جاتی ہے۔ جدید ڈیجیٹل کلاس رومز، اسمارٹ بورڈز اور آن لائن لرننگ عام ہیں۔ اساتذہ کی بھرتی انتہائی سخت معیار کے تحت کی جاتی ہے، اور انہیں مسلسل تربیت دی جاتی ہے۔ اگرچہ جنوبی کوریا کی کامیابی قابلِ تعریف ہے، لیکن ضرورت سے زیادہ امتحانی دباؤ اور مقابلے کی فضا کو اس نظام کی ایک کمزوری بھی سمجھا جاتا ہے، جس سے پاکستان کو سبق لینا چاہیے کہ معیار تو بلند کیا جائے مگر بچوں کی ذہنی صحت کو نظرانداز نہ کیا جائے۔
ایسٹونیا گزشتہ چند برسوں میں یورپ کا بہترین تعلیمی نظام بن کر ابھرا ہے۔ یہاں ابتدائی سطح سے ہی کمپیوٹر سائنس، کوڈنگ، میڈیا لٹریسی، تخلیقی سوچ اور ڈیجیٹل مہارتوں کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بچوں کو تحقیق، سوال کرنے اور پراجیکٹ بیسڈ لرننگ کے ذریعے سیکھنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ امتحانات کا مقصد صرف نمبروں کا حصول نہیں بلکہ صلاحیتوں کی جانچ ہوتا ہے۔
کینیڈا، جرمنی اور برطانیہ میں بھی ابتدائی تعلیم بچوں کی انفرادی صلاحیتوں کو مدنظر رکھ کر دی جاتی ہے۔ ان ممالک کے نصاب میں زبان، ریاضی، سائنس، سماجی علوم، فنون، جسمانی تعلیم، ماحولیات، اخلاقیات اور شہری ذمہ داری شامل ہیں۔ خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کے لیے بھی یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ اساتذہ جدید تدریسی طریقوں، ٹیکنالوجی اور سرگرمیوں پر مبنی تعلیم کے ذریعے بچوں کی دلچسپی برقرار رکھتے ہیں۔

