پمز آتشزدگی؛ وزیراعظم نے کمیٹی کی نشاندہی پر 8 عہدیداروں کی فوری معطلی، کارروائی کی منظوری دےدی

pims21787754122 0



وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے واقعے پر قائم انکوائری کمیٹی کی نشان دہی پر 8 عہدیداروں کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پمز آتشزدگی واقعے پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا جہاں وزیراعظم کو تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیر اعظم نے کمیٹی کی جانب سے نشان دہی پر 8 لوگوں کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف فوری کاروائی کرنے کی منظوری دے دی، مذکورہ ذمہ داران کے خلاف نہ صرف ڈمحکمہ جاتی کارروائی بلکہ فوجداری (کریمینل کوڈ) قوانین کے تحت کاروائی کرنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے معطل کیے جانے کے لیے منظور کی گئی فہرست میں پمز کے ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائیریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور چوہدری ڈاکٹر اویس علی شاہ، نیونیٹل ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئیر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائیریکٹر سیکیورٹی پمز محمد عثمان، سی ڈی اے کے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمن شامل ہیں۔

وزیراعظم نے بلا امتیاز فوجداری کارروائی کی ہدایت کی اور وزیراعظم نے سیکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی بھی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نے اپنی جان کی پراہ کیے بغیر بچے کو بچانے والی نرس کے لیے ستارہ خدمت دینے کی منظوری بھی دی ہے اور وارڈ میں موجود ایک نرس اور خاتون گارڈ کو او ایس ڈی بنا کر مزید تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

سی ای او- این آئی ایچ  ڈاکر محمد سلمان کو پمز کا ایکٹنگ ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وزیرِ اعظم کی جانب سے جن لوگوں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان کی جگہ نئے لوگوں کی فوری اور ایک ساتھ تعیناتی کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم کی تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کو فوری طور پر پبلک کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور رپورٹ وزارت قومی صحت کی ویپ سائٹ پر آویزاں کر دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب لوگ کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اس واقعے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، معصوم بچوں کی موت ایک ایسا اندوہ ناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم غمگین ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے والدین کے ساتھ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں ہیں، واقعے کے ذمہ داران کو مثالی سزا دلوائی جائے گی تاکہ دوبارہ کسی کی مجرمانہ عفلت سے کسی ماں سے اس کا لخت جگر جدا نہ ہوا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ