لکی مروت؛ مغوی پولیس اہلکار کو بازیاب کرالیا گیا

041788029870 0



پشاور سے اغوا ہونے والے پولیس اہلکار سمیع اللہ خان کو بازیاب کرا لیا گیا اور مغوی اہلکار کو لکی مروت پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

پولیس امن کمیٹی کے مطابق سمیع اللہ خان علاج کے سلسلے میں پشاور گئے تھے جہاں انہیں اچینی چوک کے علاقے سے اغوا کرلیا گیا تھا، مغوی پولیس اہلکار کی بازیابی کے لیے گزشتہ روز پولیس امن کمیٹی اور اعلیٰ حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، جس میں سمیع اللہ خان کی جلد بازیابی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

پولیس امن کمیٹی نے سمیع اللہ خان کی بازیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے دیگر دو مغوی اہلکاروں کو بھی جلد بازیاب کرانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

قبل ازیں پولیس امن کمیٹی اور آر پی او بنوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ملتوی کردیا گیا تھا، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ٹاؤن کمپلیکس تاجہ زئی میں مغوی پولیس اہلکار سمیع اللہ خان کی بازیابی کے معاملے پر پولیس امن کمیٹی، ریجنل پولیس آفیسر بنوں عبدالغفور آفریدی، ایم این اے شیر افضل مروت اور علاقہ مشران کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے، جس کے بعد پولیس امن کمیٹی نے اپنا احتجاج ملتوی کردیا۔

مذاکرات کے دوران سمیع اللہ خان کی بازیابی کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ بھی طے پایا، معاہدے کے مطابق تمام آپریشنز ڈی پی او کی اجازت سے کیے جائیں گے۔

پولیس امن کمیٹی کے جوان باوردی آپریشنز میں حصہ لیں گے اور کمیٹی تبادلوں کے معاملے پر احتجاج نہیں کرے گی۔

آر پی او بنوں عبدالغفور آفریدی نے پولیس امن کمیٹی کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادر جوان ہمارے لیے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی ہر ممکن حمایت کی جائے گی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ