کراچی:
شہر قائد کے علاقے سچل غازی گوٹھ میں ریسٹورنٹ پر ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسٹورنٹ مالک جاوید اقبال کے مطابق 6 مسلح ملزمان ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود 14 سے 15 افراد سے موبائل فونز چھین لیے جبکہ کاؤنٹر سے ڈھائی لاکھ روپے سے زائد رقم بھی لوٹ لی۔
جاوید اقبال کے مطابق ملزمان فرار ہوتے ہوئے اندھادھند فائرنگ کرگئے جس کے نتیجے میں ان کا بھائی شہباز جاں بحق دوسرا بھائی اور ایک ریسٹورنٹ ورکر زخمی ہوگیا۔
ریسٹورنٹ مالک کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع 15 پر دینے کے باوجود پولیس تقریباً پونے گھنٹے بعد موقع پر پہنچی جبکہ ریسٹورنٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔
اہلخانہ کے مطابق مقتول شہباز کا تعلق پنجاب کے علاقے لودھراں سے تھا اور اس کی تدفین آبائی علاقے میں کی جائے گی۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ سچل کے علاقے میں آئے روز ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و تشویش پائی جاتی ہے۔

