پی ایچ ایف نے ہاکی کی بحالی اور نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تلاش کیلیے اہم ہدایت نامہ جاری کر دیا

phf1761984869 0



پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کی بحالی اور نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے تمام صوبائی اسپورٹس سکریٹریز، علاقائی ایسوسی ایشنز اور انتظامی علاقوں (آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اور اسلام آباد) کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری ہدایت نامہ کے مطابق تمام صوبوں اور علاقوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس 31 دسمبر تک ہر صورت مکمل کریں جس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں جنوری سے شروع ہونے والی قومی چیمپئن شپس میں شرکت کریں گی۔

پی ایچ ایف کے منصوبے کے تحت انڈر 15 اسکول چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے 4 جبکہ علاقائی حکومتوں سے 2 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انڈر 18 چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے 2 اور علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم شامل ہوگی۔

اسی طرح خواتین کی قومی چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے 2 جبکہ علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم کو موقع دیا جائے گا جبکہ قومی مردانہ چیمپئن شپ میں منتخب صوبائی اور محکمہ جاتی ٹیمیں( ڈیپارٹمنٹل) شریک ہوں گی۔

پی ایچ ایف نے ان مقابلوں کے لیے انعامی رقم بھی مقرر کردی ہے، جس کے تحت انڈر 15 چیمپئن شپ کے لیے 30 لاکھ، انڈر 18 کے لیے 40 لاکھ جبکہ سینئر قومی چیمپئن شپ کے لیے 70 لاکھ روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ان ٹورنامنٹس کا مقصد تعلیمی اداروں اور صوبائی سطح سے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور قومی ٹیم کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنا ہے۔

 



Source link

متعلقہ پوسٹ