واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شہزادہ ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس جوڑے کے مداح کبھی نہیں رہے اور میگھن کا رویہ ملکہ ایلزبیتھ دوم اور بادشاہ چارلس کے ساتھ ’’انتہائی بدتمیز‘‘ رہا۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ شاہی خاندان کا حصہ ہوتے تو دونوں کو واپس قبول نہ کرتے۔
سسیکس خاندان ۶؍ سال امریکہ میں گزارنے کے بعد اپنے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ساتھ برطانیہ واپس آچکا ہے، تاہم دونوں کے سرکاری شاہی فرائض بحال کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ خاندان لندن سے باہر، ممکنہ طور پر Cotswolds میں نجی رہائش اختیار کرے گا جبکہ کیلیفورنیا میں اپنا گھر بھی برقرار رکھے گا۔ سیکوریٹی کا معاملہ اب بھی غیر واضح ہے کیونکہ ہیری کو سرکاری مسلح پولیس تحفظ خودکار طور پر حاصل نہیں۔

