ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوگیا برینٹ خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی خام تیل بھی 103 ڈالر کی سطح عبور کرگیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق سرمایہ کار ایران جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل رکاوٹ کے خدشات سے پریشان ہیں جس کے نتیجے میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں دوران کاروبار 7.1 فیصد تک اضافہ ہوا اور قیمت 108 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔ بعد ازاں برینٹ 107.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا جو یومیہ بنیاد پر 6.34 فیصد اضافہ ہے۔
یہ 19 مئی کے بعد برینٹ کی بلند ترین اختتامی قیمت اور 6 ہفتوں کے دوران ایک روزہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 7.3 فیصد تک بڑھی اور پہلی مرتبہ مئی کے بعد 103 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچی۔
بعد میں قیمت 102.48 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 6.69 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں کشیدگی بڑھنے کے باعث رواں ہفتے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہیں جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کے تبادلے اور خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے سپلائی کے خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔

