او آئی سی کی حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اعلان

oic a d


جدہ — اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکریٹریٹ نے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے گرد و نواح میں کیے گئے حملوں اور سعودی عرب کے خلاف جاری جارحیت کی سخت مذمت کی ہے۔ او آئی سی کے بیان کے مطابق یہ حملے معصوم شہریوں میں خوف پیدا کرتے ہیں، مقدس مقامات اور مساجد کے تقدس کو پامال کرتے ہیں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرتے ہیں۔
جنرل سیکریٹریٹ نے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مقدس مقامات، مساجد اور شہری انفراسٹرکچر کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہیں اور اسلامی اقدار کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ بیان میں زور دیا گیا کہ مقدس مقامات کی حرمت کی پامالی ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے اور مجرموں کو روکنا ضروری ہے۔
او آئی سی نے سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے جارحین کو روکنے، مقدس مقامات اور مسلمانوں کی جانوں کے تحفظ، اور مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے تمام اقدامات کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے حالیہ عرصے میں بحیرہ احمر اور باب المندب کے اطراف بھی اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جو عالمی بحری تجارت کا اہم راستہ ہے۔ ایران جنگ کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے کے بعد سعودی عرب کے لیے بحیرہ احمر کا راستہ تیل کی برآمدات کے متبادل ذریعے کے طور پر مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ