وزیر اعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے:عاصم افتخار

news 1789966120 8252



news 1789966120 8252

(24نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔
نیویارک میں وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر میں کثیرالجہتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی اور موجودہ عالمی صورتحال بھی شامل ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔

سفیر کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران کئی عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم اور ایپل کے ایگزیکٹو چیئرمین ٹِم کُک کے درمیان ملاقات کا انتظام کرنے کی بھی کوشش ہو رہی ہے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس شروع ہو چکا ہے اور عالمی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مشرقِ وسطیٰ کا تنازع نمایاں موضوع رہنے کی توقع ہے۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران اہم عالمی معاملات پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کریں گے، ان کی تقریر میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اسلاموفوبیا، عالمی اقتصادی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل شامل ہوں گے،وزیراعظم فلسطین اور جموں و کشمیر کے مسائل پر بھی توجہ مرکوز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے کی کوئی مقررہ تاریخ یا ٹائم لائن نہیں ہے:امریکی سفیر

دفترِ خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت جاری رکھے گا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں اور وزیراعظم کی آمد سے قبل مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان غزہ میں تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیر کے تنازع کو بھی باقاعدگی سے اٹھاتا رہا ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ