بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے اپنے بھائی کی موت سے متعلق ایک مرتبہ پھر اہم دعویٰ کیا ہے۔
ایک تازہ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ سشانت کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایک شخص نے انہیں بتایا تھا کہ واقعے میں پستول استعمال ہوئی تھی اور اداکار کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی تھی۔
شویتا کے مطابق انہیں پوسٹ مارٹم کرنے والے شخص سے ایسی معلومات ملی تھیں جن میں سشانت کے جسم پر مبینہ طور پر شدید طاقت استعمال کیے جانے کا ذکر بھی شامل تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے بھائی کی آنکھوں کو نقصان پہنچا تھا۔
تاہم شویتا نے اس گفتگو میں مذکورہ پوسٹ مارٹم کرنے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان کے دعوے سے متعلق یہ معلومات کس حالات میں ان تک پہنچیں۔
اپنے بھائی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے شویتا جذباتی بھی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی واقعہ اپنے ساتھ پیش آئے تو انسان بعض اوقات ذمہ دار شخص کو معاف کرنے کی گنجائش پیدا کرسکتا ہے، لیکن جب تکلیف کسی ایسے فرد سے متعلق ہو جس سے آپ بے حد محبت کرتے ہوں تو اسے معاف کرنا کہیں زیادہ مشکل ہوجاتا ہے۔
https://www.facebook.com/indiaforums/videos/1642628284098265/
شویتا نے کہا کہ وہ اپنے اندر نفرت، انتقام یا رنجش کو جگہ نہیں دینا چاہتیں۔ ان کے مطابق ان کی زندگی کا مقصد محبت، ایمان اور نیکی کے راستے پر قائم رہنا اور خدا کے لیے کھڑا ہونا ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت جون 2020 میں مردہ پائے گئے تھے اور ان کی موت کے حالات آج بھی عوامی سطح پر بحث کا موضوع ہیں۔ ان کی بہن شویتا متعدد مواقع پر اپنے بھائی کی موت سے متعلق سوالات اٹھاتی رہی ہیں اور ان کے مطابق وہ ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شویتا کے حالیہ بیان میں سامنے آنے والے دعوے ان کے ذاتی مؤقف کے طور پر سامنے آئے ہیں، جن کی اس گفتگو میں آزادانہ طور پر مزید تصدیق پیش نہیں کی گئی۔
Source link

