
(ویب ڈیسک)جنوبی افریقہ میں ہزاروں افراد نے قومی تعطیل کے موقع پر بیک وقت باربی کیو کرکے دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی باربی کیو کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی ہے۔
دارالحکومت پریٹوریا کے ایک سپورٹس سٹیڈیم میں تقریباً 500 گرِل اسٹیشنز قائم کیے گئے، جہاں شرکاء نے ساسیجز اور برگرز سمیت مختلف کھانے گرِل کیے۔
منتظمین کے مطابق اس کوشش میں تقریباًتین ہزار افراد کی شرکت متوقع تھی۔
اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے جنوبی افریقی شرکاء کو جاپان کے شہر ایشگاکی میں 2023 میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنا تھا، جہاں بیک وقت 2220 افراد نے گرِل پر کھانا پکایا تھا۔
مزید پڑھیں:فٹبالر کےلمبے بال دوران میچ مصیبت بن گئے
جنوبی افریقہ میں گزشتہ سال بھی یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی، اس بار منتظمین نے سخت قوانین کے تحت دوبارہ کوشش کی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے نگرانی کرنے والی عہدیدار پالینا ساپنسکا کے مطابق ریکارڈ میں شمار ہونے کے لیے تمام شرکاء کو کم از کم پانچ منٹ تک بیک وقت باربی کیو کرنا ضروری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی شریک مقررہ وقت سے پہلے جگہ چھوڑ دیتا ہے تو اسے ریکارڈ کی کوشش سے خارج کر دیا جاتا ہے۔
اب اس منفرد کوشش کے حتمی نتائج اور یہ فیصلہ سامنے آنا باقی ہے کہ جنوبی افریقہ جاپان کا عالمی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوا یا نہیں۔

