سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ تھی۔
آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی کی گئی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری رکھتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائیوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

