تل ابیب: اسرائیلی حکومت میں قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ اگر وہ وزیر دفاع بنے تو یحییٰ سنوار سمیت 7 اکتوبر کے واقعات میں ملوث تمام فلسطینیوں کی لاشیں جلا دیں گے۔ رام اللہ سے عرب میڈیا کے مطابق بن گویر نے یہ بھی کہا کہ عہدہ سنبھالنے کی صورت میں وزارت دفاع کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کی جائے گی۔
حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار 16 اکتوبر 2024 کو رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی میں مارے گئے تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق ان کا جسد خاکی اب بھی اسرائیلی فوج کے قبضے میں ہے۔
اس سے قبل منگل کو بن گویر کی قیادت میں یہودی آباد کاروں کے ایک بڑے گروہ نے الخلیل میں واقع مسجد ابراہیمی پر دھاوا بولا اور یہودی تہوار سکوت کے چوتھے دن کے موقع پر اندر مذہبی رسومات ادا کیں۔ فلسطینی حلقے اسے مسجد کے تقدس اور اس کی اسلامی شناخت پر حملہ قرار دیتے ہیں۔ مسجد ابراہیمی غرب اردن کے نمایاں ترین اسلامی مقدسات میں شمار ہوتی ہے اور آباد کاروں کے بار بار کے دھاووں کا نشانہ بنتی رہی ہے۔

