جھانوی کپور نے اے آئی سے تبدیل شدہ ویڈیو کو جنسی ہراسانی قرار دے دیا

2678661 jhanvikapoor 1722612507



اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی فلم ’دیورا: پارٹ 1‘ کے گانے ’چٹا مالے‘ کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ اور تبدیل شدہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کی ایک سنگین مثال قرار دیا ہے۔

گزشتہ چند روز سے اس گانے کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گردش کر رہی ہے۔ ’چٹا مالے‘ میں جھانوی کپور اور جونیئر این ٹی آر نے اداکاری کی تھی، جبکہ حالیہ ویڈیو میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

جھانوی کپور نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ کسی خاتون کو اس کی رضامندی کے بغیر قابل اعتراض انداز میں پیش کرنا اور اس نوعیت کا فرضی یا تبدیل شدہ مواد پھیلانا انتہائی تکلیف دہ اور اس کی حدود کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق خواتین کو اس انداز میں دکھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا مجرمانہ استعمال ’انتہائی تکلیف دہ اور جنسی زیادتی کے قریب‘ ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی انڈسٹری میں تقریباً ہر خاتون کو کسی نہ کسی شکل میں ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ دنیا بھر میں بھی خواتین تیزی سے اس قسم کے واقعات کا نشانہ بن رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رضامندی، انتخاب اور عورت کے جسم کا احترام انسانی اقدار کی بنیادی شرائط ہونی چاہئیں۔ جھانوی کے مطابق افسوس کی بات یہ ہے کہ ان بنیادی اصولوں کو اب بھی پیچیدہ مسئلہ سمجھا جاتا ہے، حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

جھانوی کپور نے مزید کہا کہ کسی بھی خاتون کی ذاتی حدود کا احترام ہر حال میں ضروری ہے اور اس کا تعلق اس کے لباس سے نہیں ہونا چاہیے۔
 



Source link

متعلقہ پوسٹ