راولپنڈی:
پاکستان آرمی نے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج (ER) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایوی اونکس سے لیس ہے، فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج بلند ترین درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ منفرد پرواز کے راستے اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کی بدولت پاک فوج کی دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا، کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا، کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس کی فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔

